Thursday, May 2, 2024

مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کم نہ ہو سکی، ٹاؤن ہال میں ایئر کوالٹی انڈیکس267 ریکارڈ

مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کم نہ ہو سکی، ٹاؤن ہال میں ایئر کوالٹی انڈیکس267 ریکارڈ
December 22, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کم نہ ہو سکی۔ آج بھی لاہور کے علاقے ٹاؤن ہال میں ایئر کوالٹی انڈیکس267 ریکارڈ کیا گیا۔

ٹاؤن شپ سیکٹر ٹو میں فضائی آلودگی کی شرح 134 جبکہ بذریعہ موبائل وین جلو میں 368 تک جا پہنچی۔ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کا ایئر کوالٹی انڈیکس 315 ریکارڈ کیا گیا۔ بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے باعث اسموگ میں اضافہ ہونے لگا۔ فیصل آباد میں فضائی آلودگی کا انڈیکس 143، راولپنڈی میں 168 جبکہ رحیم یار خان میں 148 ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق شہر میں قائم جابجا فیکٹریوں کی دھواں چھورٹی چمنیاں ماحول کو آلودہ کر رہی ہیں۔ زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہونے والے اینٹوں کے بھٹے بھی فضا کو آلودہ کرنے میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں جبکہ شاہراہوں پر دھواں چھوڑتی گاڑیاں بھی باغوں کے شہر لاہور کی فضا میں مضر صحت زرات چھوڑ رہی ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق آلودگی کی بڑھتی ہوئی شرح سے بچوں سمیت شہری مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے پرہیز کرنے کی اپیل کی ہے۔