Sunday, May 12, 2024

مختلف شہروں میں دوسرے روز بھی بارشیں ،جل تھل ایک ہو گیا

مختلف شہروں میں دوسرے روز بھی بارشیں ،جل تھل ایک ہو گیا
March 12, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں دوسرے روز بھی بارشیں ہو رہی  ہیں ۔ اسلام آباد ، سرگودھا ، خوشاب ، گوجر خان میں  بادل کھل کر برسے جس سے جل تھل ایک ہو گیا۔ لاہور، اسلام آباد، پشاور اور فیصل آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارشو ں کا نیا سپیل ،  موسلادھار بارشوں، برف باری اور تیز ہوائیں چلنے سے موسم کی رت بدل گئی۔ سردی نے جانے کا پروگرام ملتوی کردیا۔

پنجاب

صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں وقفےوقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے  ۔  پنڈی بھٹیاں، سیالکوٹ، علی پورچٹھہ، سانگلہ ہل اور منڈی بہاؤالدین میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ رینالہ خورد، پھول نگر، اوکاڑہ، سرگودھا، سرائے عالمگیر اور گوجرخان میں بارشوں سے گندم اور دیگر فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ فیصل آباد کے نواحی گاؤں میں بارش کے باعث گھر کی دیوار گرگئی،جس سے تین خواتین زخمی ہوئیں۔

خیبرپختونخوا

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں دو روز سے جاری بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے کمسن بہن، بھائی جاں بحق ہوگئے۔اہل خانہ نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے سے لاشیں نکالیں۔

آزاد کشمیر

کوٹلی آزادکشمیر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، مظفرآباد میں پہاڑوں پر برف باری کا بھی نیا سلسلہ شروع ہو گیا۔ وادی نیلم ،گریس ویلی، شاردہ کیل میں رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں ۔ دیربالا میں پاتراک کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے کمراٹ جانے والا راستہ بھی بند ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق  ملک کے بيشتر علاقوں میں آج بھی بادل برسنے جب کہ ژوب، بارکھان اور قلعہ سیف اللہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق   گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی پہاڑوں پر برفباری ہوسکتی ہے ،موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بارشوں اور برفباری کا سلسلہ کل تک جاری رہےگا۔