Tuesday, April 16, 2024

مخالفوں کو شیطان سے بھی اتحاد کرنا پڑا تو کر لیں گے، خواجہ سعد رفیق

مخالفوں کو شیطان سے بھی اتحاد کرنا پڑا تو کر لیں گے، خواجہ سعد رفیق
December 9, 2017

لاہور (92 نیوز) وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آصف زرداری شاطر آدمی ہیں لیکن پیپلز پارٹی کی بس اب نکل گئی ہے۔ انہوں نے کہا زرداری اور عمران خان کا حکومت کو گالیاں دینے کا مقابلہ ہے۔

وزیر ریلوے نے مخالفوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا مخالفوں کو شیطان سے بھی اتحاد کرنا پڑا تو کر لیں گے، پیپلز پارٹی انتخابات میں تاخیر کا باعث بن رہی ہے۔

سعد رفیق نے کہا کہ سیاسی مخالف سمجھتے ہیں ہمیں گرانے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ ملنا چاہیے، ہمارے بعض مخالف ایسے ہیں کہ ہمیں گرانے کے لیے اگر انہیں شیطان سے بھی اتحاد کرنا پڑا تو کرلیں گے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پہلے پاکستان میں اینٹی بھٹو اور پرو بھٹو سیاست ہوتی تھی، اب اینٹی نوازشریف اور پرو نوازشریف سیاست چل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ بنیادی طور پر آئین اور ووٹ کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے، آئین کی حکمرانی کا مطلب ہےکہ تمام ادارے، پارلیمنٹ، عدلیہ، مسلح افواج سمیت مختلف سول بیورو کریسی کے ادارے آئین کےمطابق کام کریں اور حدود سے تجاوز نہ کریں۔

خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ ملک میں آئین کی حکمرانی کی بات کرنا آسان نہیں، اس کی اپنی ایک قیمت ہے جو ہم ادا کرچکے اور کررہے ہیں لیکن سول بالادستی اور آئین کی حکمرانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف سیاسی صف بندی ہورہی ہے جو مخالفین کا حق ہے، اس پر اعتراض نہیں کیا جاسکتا لیکن دین، مذہب اور ناموس ریاست پر بھی سیاست کی جارہی ہے اس پر اعتراض ہوتا ہے۔