Monday, May 13, 2024

محکمہ ہائرایجوکیشن کےایڈیشنل سیکرٹری کےخلاف چارج شیٹ جاری

محکمہ ہائرایجوکیشن کےایڈیشنل سیکرٹری کےخلاف چارج شیٹ جاری
September 2, 2020

لاہور (92 نیوز) محکمہ ہائرایجوکیشن پنجاب کمیشن نے الزامات لگانے پر محکمہ ہائر ایجوکیشن کے ایڈیشنل سیکرٹری عثمان خالد  کے خلاف چارج شیٹ جاری  کرتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کاعندیہ بھی دے دیا۔

پی ایچ ای سی حکام نے عثمان خالد کےالزامات کومن گھڑت قراردیتے ہوئے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا عندیہ بھی دیاہے ، پی ایچ ای سی ایکریڈائٹیشن کمیٹی  کے مراسلے میں ایڈیشنل سیکرٹری  محکمہ ہائر ایجوکیشن عثمان خالد خان نے حقائق جانے بغیراورکسی خاص ایجنڈاکے تحت کمیٹی پہ الزامات لگائے۔

عثمان خالد کی جانب سےتاخیری حربے استعمال کرنے کے باعث دونوں اداروں میں ڈیڈ لاک کی صورتحال پیدا ہوچکی ہے جو اعلیٰ تعلیم کے زوال کا باعث بن رہی ہے ۔ مراسلے کے مطابق عثمان خالد نے گیارہ دسمبر 2019 کو دو نجی یونیورسٹیز کے متعلق فیصلوں کے میٹنگ منٹس اپنے دستخطوں سے خود جاری کئے۔

پی ایچ ای سی کے مطابق دو نجی یونیورسٹیوں کے لئے چارٹرز کی سفارش قانونی تقاضوں کے مطابق کی گئی،پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کاکہنا ہے کہ دو نجی یونیورسٹیوں کے چارٹرز کے کیسز کی سفارشات ختم کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔

ذرائع کے مطابق عثمان خالد نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے واہ یونیورسٹی اور نمل میانوالی کے پروگرام منظور کروائے،وہ  اسٹیبلشمنٹ اور نیب سے تعلقات ظاہر کرکے افسران اور اداروں کو ڈرانے میں بھی ملوث ہے۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن کے ایڈیشنل سیکرٹری عثمان خالد نے اٹھائیس جولائی کو خط لکھ کر پی ایچ ای سی ایکریڈائٹیشن کمیٹی پرالزامات لگائے تھے ،مختلف سرکاری افسران نے عثمان خالد کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا مطالبہ  کیا ہے۔