Thursday, April 25, 2024

محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں غیرمعمولی بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں غیرمعمولی بارشوں کی پیشگوئی
May 29, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں غیرمعمولی بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔ گرمی کا زور ٹوٹنے لگا۔ محکمہ موسمیات نے آج سے ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔ آزاد کشمیر میں رم جھم ہوئی۔ جنت نظیر وادیوں لیپہ اور نیلم میں دوبارہ سردی لوٹ آئی۔ ریلیف ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں کو آزاد کشمیر کا غیرضروری سفر، دریا اور ندی نالوں کے کنارے نہ جانے کی ہدایت کر دی۔ لینڈ سلائیڈنگ اور کئی شاہراوں کے بند ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کر دیا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ سے منگل کے دوران بارش اور آندھی کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا۔2 جون تک پنجاب، اسلام آباد ، خیبر پختونخواہ، شمال مشرقی بلوچستان ، گلگت بلتستان میں غیر معمولی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کر دیا۔ ہفتہ اور اتوار کو سندھ کے علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کے علاوہ بارش ہو سکتی ہے۔ ترجمان کے مطابق  کاشتکار حالیہ غیر معمولی بارشوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی فصلوں کو کاشت کریں تاکہ فصلوں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔ این ڈی ایم اے نے بھی  ایڈوائزری جاری کر دی۔ تمام صوبائی محکمہ جات، این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور دیگر اداروں کو الرٹ رہنے اور اسٹاف کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔