Tuesday, May 21, 2024

محکمہ موسمیات نے کل سے ملک بھر میں بارشوں کی نوید سنا دی

محکمہ موسمیات نے کل سے ملک بھر میں بارشوں کی نوید سنا دی
January 19, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) محکمہ موسمیات نے کل سے ملک بھر میں بارشوں کی نوید سنا دی۔ پہاڑوں پر برفباری بھی ہوگی۔ برف باری اور رم جھم کے شیدائی تیار ہو جائیں ۔ آزادکشمیر کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ وادی لیپہ  سے ہٹیاں بالا اور وادی نیلم کے علاقے کیل سے ہلمت جانے والی شاہراہیں دس روز سے بند ہیں۔ شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا۔ ایران سے بارش برسانے والا سسٹم کل پاکستان میں داخل ہو گا۔ آج ، مکران، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، راولپنڈی ڈویژن میں چند مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ کوئٹہ ،قلات اورملتان میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود ہے جبکہ آج ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ ادھر ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری سے سردی کا راج برقرار ہے۔ روئی کے گالے برسنے سے ملکہ کوہسار کا حسن بھی دوبالا ہو گیا۔ مری کے دلفریب نظاروں نے ہر ایک کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔ سیاح کھنچے چلے آنے لگے۔ منچلے بھی موج مستی کرنے پہنچ گئے۔ مال روڈ پر لوگوں کارش لگ گیا۔ موسم کا مزہ لینے اہل خانہ کے ہمراہ سڑکوں پر نکل آئے۔ برف باری اور سائبیرین ہواؤں سےملک کے دیگر علاقوں میں بھی ٹھنڈ کی شدت برقرار ہے۔ گلت بلتستان ، استور ، غذر اور اسکردو میں آسمان سے اترتے  سفید گالوں نے بھی ہرطرف دلفریب نظارے بکھیر دیئے۔ دنیا کے بلند ترین سیاحتی مقام دیوسائی میں آٹھ فٹ تک پڑنے والی برف نے ہرشے جما دی۔