Thursday, March 28, 2024

محکمہ موسمیات نے آج رات سے بارشوں کی خوشخبری سنا دی

محکمہ موسمیات نے آج رات سے بارشوں کی خوشخبری سنا دی
May 21, 2016

لاہور (92نیوز) کئی روز سے مسلسل تپتی زمین کی درخواست پر بادلوں کا نوٹس۔ زمین پر آگ کے گولے برسانے والے سورج کے راستے میں رکاوٹ ڈالنے کی تیاری پکڑ لی۔ ہوائیں بھی مرجھائے چہروں پر مسکراہٹ لانے کےلئے تیار۔ آج رات کئی شہروں میں بادل پہلے گرجیں گے پھر برسیں گے۔ محکمہ موسمیات نے آج رات تیز ہوائیں چلنے اور پھر اس کے بعد رم جھم کی نوید سنا دی ہے جس کے بعد حالیہ گرمی کی لہر کا زور ٹوٹ جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے سے شدید گرمی نے شہریوں کو نڈھال کیا ہوا ہے۔ آج پھر سورج نے صبح سویرے ہی آنکھیں دکھانا شروع کر دیں۔ درجہ حرارت انتیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو بڑھ کر 45تک جانے کا امکان ہے۔ اچھی خبر یہ ہے کہ آج رات ہوائیں چلیں گی جس کے بعد رم جھم ہو گی۔

موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق ہلکی بارش کے بعد موسم ابرآلود ہی رہے گا اور پھر پیر کے روز کھل کر بارش ہونے کا امکان ہے جس کے بعد گرمی کی موجودہ لہر میں کمی آئے گی۔ محکمہ موسمیات نے ابر رحمت کی نوید سنائی ہے تو گرمی سے کملائے شہریوں کے چہروں پر بھی کچھ خوشی آئی ہے۔