Tuesday, April 23, 2024

محکمہ صحت پنجاب کی سوروزہ کارکردگی،ڈاکٹروں کی کمی تاحال بڑا چیلنج

محکمہ صحت  پنجاب کی سوروزہ کارکردگی،ڈاکٹروں کی کمی تاحال بڑا چیلنج
November 28, 2018
لاہور( 92 نیوز)پاکستان تحریک انصاف کی پنجاب می  حکومت کے 100 دن پورے ہو گئے،محکمہ صحت کی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے محکمہ صحت میں کئی ریفارمز لانے کے وعدے تو بہت کئے مگر اتنے اہداف حاصل نہ ہو سکے ۔ وزیراعظم عمران خان حکومت میں  آئے تو شعبہ صحت میں اصلاحات کے حوالے سے بڑا پلان لانے کی بات کی گئی،وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے 13اسپتالوں کی ایمرجنسی وارڈز کی بہتری سمیت ادویات اور انشورینس کارڈز کی فراہمی سمیت کئی دعوے کیے،مگر،اسپتالوں کی خراب مشینری اور ایک بیڈ پر کئی کئی مریض اس بات کا ثبوت ہیں کہ وقت کم تھا اور کام بہت زیادہ ۔ محکمہ صحت میں ڈاکٹرز کی کمی ایک بڑا چیلنج تھا جس کو پورا کرنے کیلئے 7 ہزار ڈاکٹرز اور 3 ہزار نرسز کے انٹرویوز کیے گئے ،جن میں سے بیشتر کو تعینات کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر کیلئے عمل جاری ہے ۔ غذائیت کی کمی کا شکار بچوں کیلئے پروگرام بھی شروع کیے گئے  ہیں اور مختلف بیماریوں کے حوالے سے ویکسینیشن کی فراہمی کو یقینی بھی بنایا گیا ہے ۔ مختلف اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور لواحقین کے جھگڑے تو معمول رہے اور100 روز میں ڈاکٹرز اور مریضوں میں اعتماد کی بحالی تو نہ کی جا سکی  ،مگر نئی حکومت انستھیزیا ماہرین کی کمی کو پورا کرنے، پنجاب میں چار نئے زچہ بچہ سنٹرز کے قیام کے حوالے سے سنجیدہ دکھائی دیتی ہے،تاہم سو روز میں  کسی بھی پراجیکٹ پر مکمل عمل درآمد نہ ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ محکمہ صحت میں بہتری لانے کیلئے ابھی بہت کام اور وقت باقی ہے ۔