Thursday, March 28, 2024

محکمہ صحت پشاور کی 50 قیمتی گاڑیاں کھڑی کھڑی ناکارہ

محکمہ صحت پشاور کی 50 قیمتی گاڑیاں کھڑی کھڑی ناکارہ
March 2, 2020
پشاور ( 92 نیوز) محکمہ صحت پشاور کی  50 قیمتی گاڑیاں کھڑی کھڑی ناکارہ ہوگئیں،ڈی ایچ اوآفس پشاور میں کھڑی گاڑیاں بارش اور دھوپ کی وجہ سے اس قدر خراب ہو گئیں کہ نیلامی کے قابل بھی نا رہیں، رہی سہی کسر چوریوں نے پوری کردی، بیشتر گاڑیوں کے نہ توٹائرباقی رہے، نہ ہی شیشے اور دیگر قیمتی پرزے۔ کباڑ خانے کا منظر پیش کرنے والا ڈی ایچ او آفس پشاور ہے جہاں پر محکمہ صحت کی 50 قیمتی گاڑیاں گزشتہ5 سال سے کھڑی کر دی گئی ہیں،معمولی مرمت بروقت نہ ہونے کے باعث اب یہ گاڑیاں اس قدر کھٹارا ہوگئی ہیں  کہ اب نیلامی کے قابل بھی نہیں  رہیں ۔ محکمہ صحت پشاور کی  ان گاڑیوں میں جیپ،وین،ایمبولینس بھی شامل ہیں جو کھلے آسمان تلے کھڑی کھڑی ناکارہ ہوگئی ہیں،دھول اور مٹی سے بھری ان گاڑیوں کو محکمہ صحت کی غفلت کے باعث یہاں سکریپ کرکے  پھینک دیاگیا ہے،یہ گڑیاں جو پانچ سال قبل قبل مرمت تھیں اب مکمل ختم ہو گئی ہیں ۔ صرف پرانی گاڑیاں ہی نہیں نئی گاڑیاں بھی سکریپ ہوچکی ہیں ، یہ گاڑیاں کھڑی کھڑی ناکارہ ہونے لگی ہیں مگر اس غفلت کی ذمہ داری کوئی قبول کرنے کےلئے تیار نہیں ۔