Tuesday, May 14, 2024

محکمہ صحت سندھ کی سنگین غلطی نے ارکان اسمبلی کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں

محکمہ صحت سندھ کی سنگین غلطی نے ارکان اسمبلی کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں
June 5, 2020
کراچی (92 نیوز) محکمہ صحت سندھ کی سنگین غلطی نے ارکان اسمبلی کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں، 4 دن بعد موصول ہونے والی رکن سندھ اسمبلی شاہانہ اشعر کی رپورٹ مثبت آگئی، شاہانہ اشعر تین دن سے سندھ اسمبلی آرہی تھیں، گزشتہ اجلاس کی کارروائی میں بھی حصہ لیا۔ رکن سندھ اسمبلی شاہانہ اشعر کا کورونا ٹیسٹ مثبت، ایوان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کی رکن اشعر کا کورنا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کا انکشاف صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہوا۔ ایوان میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب پیپلز پارٹی رکن شبیر بجارانی نے بتایا کہ ممبر صوبائی اسمبلی شاہانہ اشعر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ جس کے بعد اسمبلی میں موجود شاہانہ اشعر اجلاس چھوڑ کر چلی گئیں۔ متاثرہ رکن اسمبلی جمعرات کے روز ہونے والے اجلاس میں بھی شریک تھیں۔ گزشتہ روز متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے رہنماء فیصل سبزواری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، جبکہ کنور نوید کی رپورٹ ابھی تک موصول نہیں ہوئی، اس سے پہلے سینٹر مولابخش چانڈیو اور اہل خانہ کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آچکا ہے، ابتک سندھ اسمبلی کے آٹھ اراکین میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔