Friday, March 29, 2024

محکمہ ثقافت خیبرپختونخوا نے بوڑھے فنکاروں میں 50، 50ہزار کے چیک بانٹ دیے

محکمہ ثقافت خیبرپختونخوا نے بوڑھے فنکاروں میں 50، 50ہزار کے چیک بانٹ دیے
October 21, 2015
پشاور (92نیوز) زندگی بھر اپنے فن سے مسکراہٹیں بکھیرنے والوں کی کسمپرسی کا خیال محکمہ ثقافت خیبرپختونخوا کوآ ہی گیا۔ پچاس ہزار روپے کا امدادی چیک تھما کر حاتم طائی کی قبرپر لات مار دی۔ تفصیلات کے مطابق اپنی آواز کے سروں اور فنکارانہ صلاحیتوں سے ہر طرف خوشیاں بکھیرنے والے یہ فنکار جب بڑھاپے کی دہلیز پر پہنچے تو کسمپرسی کا ان کا مقدر ٹھہری۔ جو کبھی ہر طرف سے داد سمیٹتے تھے اب دوسروں کی مدد کے منتظر ہوگئے۔ محکمہ ثقافت خیبرپختونخوا کو صوبے کے ان فنکاروں کی حالت پر رحم آیا تو پچاس ہزار روپے فی کس امدادی چیک تھما دیا۔ فن کار کہتے ہیں یہ تو اونٹ کے منہ میں زیرہ ہے۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے ثقافت امجد آفریدی نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فنکاروں کے لئے ماہانہ وظیفہ مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ اپنی پرفارمنس سے مرجھائے اور دکھی لوگوں میں خوشیاں باٹنے والے ان فنکاروں کا مطالبہ ہے کہ باوقار انداز میں ان کی مالی مشکلات حل کی جائیں تاکہ فن اور فنکار دونوں زندہ رہ سکیں۔