Saturday, April 20, 2024

محکمہ تعلیم کو بلدیاتی نمائندوں کے زیر سرپرستی دینے پر اساتذہ برہم

محکمہ تعلیم کو بلدیاتی نمائندوں کے زیر سرپرستی دینے پر اساتذہ برہم
August 21, 2019
فیصل آباد( 92 نیوز) محکمہ تعلیم کو بلدیاتی نمائندوں کے زیر سرپرستی دینےپراساتذہ برہم ہوگئے ، لوکل گورنمنٹ ایکٹ کےمحکمہ تعلیم پرنفاذ کے خلاف اساتذہ نے نامنظوری کا نعرہ لگا دیا۔ محکمہ تعلیم کو بلدیاتی نمائندوں کی سرپرستی میں دینے پر اساتذہ سراپا احتجاج بن گئے ، کہا کہ  لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت تعلیمی نظام میں بلدیاتی نمائندوں کی مداخلت سیاسی مداخلت کے مترادف ہوگی جبکہ قوم کے معمار ان پڑھ بلدیاتی نمائندوں کے ماتحت کرنا کسی صورت منظور نہیں۔ بلدیاتی نمائندوں کی سرپرستی سے اساتذہ کی تقرری ، تعیناتیاں، تبادلےاور ترقی جیسے تمام فیصلے بھی لوکل گورنمنٹ کرے گی، دوسری جانب فنڈز کی تقسیم ، اور خرچ کرنے میں بھی کرپشن کا خدشہ ہے۔ خواتین اسکولز سربراہان ہر مہینہ نیبر کونسل کے روبرو اپنے مسائل پیش کرنے پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کر رہی ہیں۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ نا تجربہ کار افراد کو نظام پر مسلط کرنا محکمہ تعلیم کو سیاسی کٹہرے میں لانے کے مترادف ہے ، قومیں تعلیم سے بنتی ہیں اور محکمہ تعلیم کے نئے نظام کو لاگو کرنے سے پہلے قوم کے معماروں کے خدشات دور کرنا ہوں گے۔