Tuesday, April 23, 2024

محمدعرفان کولہے کی انجری کے باعث ورلڈ کپ سے باہر

محمدعرفان کولہے کی انجری کے باعث ورلڈ کپ سے باہر
March 17, 2015
ایڈیلیڈ(ویب ڈیسک)آسٹریلیا کے خلاف کوارٹر فائنل کی جنگ سے قبل پاکستانی ٹیم کا سب سے خطرناک ہتھیار ناکارہ ہو گیا۔ فاسٹ باؤلر محمد عرفان کولہے کی ہڈی میں اسٹریس فریکچر کے باعث ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے۔ ٹیم مینجمنٹ نے کوارٹر فائنل کےلئے کسی متبادل کھلاڑی کو طلب نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فاسٹ باؤلر کو کولہے میں درد کی شکایت کے بعد  پیر کو ان کا ایم آر آئی اسکین کرایا گیا تھا، رپورٹ مثبت آنے پر  منگل کو ان کا سی ٹی اسکین بھی کرایا گیا،جس میں کولہے کی ہڈی میں اسٹریس فریکچر کا انکشاف ہوا۔ محمد عرفان نے ورلڈ کپ میں اب تک اچھی کارکردگی دکھائی ہے تاہم وہ اتوار کو آئرلینڈ کے خلاف آخری پول میچ میں بھی اسی تکلیف کے باعث شرکت نہیں کر پائے تھے۔ عرفان کے فٹنس مسائل یو اے ای کے خلاف میچ میں شروع ہوئے تھے جب وہ فیلڈنگ کے دوران گرے،اس کے بعد وہ اپنے اوورز بھی مکمل نہ کرا سکے اور انہیں فیلڈ سے باہر جانا پڑا۔ آسٹریلیا کے خلاف میچ کے لئے انہیں پاکستانی ٹیم کا سب سے اہم باؤلر سمجھا جا رہا تھا۔ اب میچ میں ان کی جگہ لیگ اسپنر یاسر شاہ یا احسان عادل کو شرکت کا موقع دیا جائے گا۔