Friday, April 26, 2024

محمداخلاق کو افواہ نہیں باقاعدہ منصوبہ بندی سے قتل کیا گیا : قومی کمیشن برائے مینارٹیز بھارت

محمداخلاق کو افواہ نہیں باقاعدہ منصوبہ بندی سے قتل کیا گیا : قومی کمیشن برائے مینارٹیز بھارت
October 21, 2015
نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت کے قومی کمیشن برائے مینارٹیز نے قرار دیا ہے کہ نئی دہلی کے قریبی علاقے دادری میں گائے کے گوشت کی افواہ پر ہجوم کے ہاتھوں قتل منصوبہ بندی سے کیا گیا۔ کمیشن رپورٹ کے مطابق دادری کا واقعہ مظفر نگر فسادات سے ملتا جلتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے قومی کمیشن برائے مینارٹیز نے دادری واقعہ پر رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق محمد اخلاق کو گائے کے گوشت کی افواہ پر قتل نہیں کیا گیا بلکہ یہ قتل پوری منصوبہ بندی کے ساتھ ہوا۔ کمیشن کی رکن فریدہ عبداللہ نے دادری کا دورہ کرکے رپورٹ مرتب کی۔ فریدہ عبداللہ کی رپورٹ کے مطابق محمد اخلاق کا قتل اچانک نہیں ہوا۔ اس کی باقاعدہ منصوبہ بندی ہوئی۔ گائے کا گوشت کھانے کی افواہ پر اچانک اتنے لوگ اکٹھے نہیں ہو سکتے اور واقعہ کے وقت محمد اخلاق اور اس کے اہل خانہ گہری نیند میں تھے۔ کمیشن کی رپورٹ کے مطابق اس واقعہ میں کسی دشمنی کا بھی کوئی عنصر نہیں بلکہ یہ سیدھا سیدھا نفرت کی بنا پر قتل کا واقعہ ہے۔ اس سے پہلے اتر پردیش کے سینئر وزیر اعظم خان بھی اس دادری واقعہ کو منصوبہ بندی کا شاخسانہ قرار دے چکے ہیں۔