Friday, May 3, 2024

محمد علی کلے کو خالق حقیقی سے ملے چار برس بیت گئے

محمد علی کلے کو خالق حقیقی سے ملے چار برس بیت گئے
June 3, 2020

نیو یارک ( 92 نیوز) رنگ کے کنگ  ، ہر مقابلے کو ثابت قدمی اور جواں ہمت سے جیتنے والے ، عظیم انسان ،عظیم باکسر محمد علی کلے کو دنیا سے گزرے 4 سال بیت گئے ۔ 12 سال کی عمر میں رنگ میں قدم رکھنے والے محمد علی عظیم باکسر ہونے کے ساتھ ایک خدا ترس اور اصول پسند انسان بھی تھے ۔

17 جنوری 1942 کو امریکی شہر لوئی ویل میں آنکھ کھولنے والے محمد علی کا نام کیسیئس مارسیلس کلے جونیئر  تھا۔ انہوں نے 1964 میں اسلام قبول کیا، جس کے بعد انہوں نے اپنا نام محمد علی رکھ لیا تھا۔محمد علی نے 12سال کی عمر میں باکسنگ کا آغاز کیا اور 19 اکتوبر 1960 کو لوئی ویل میں انہوں نے اپنے کیریئر کا پہلا پروفیشنل مقابلہ جیتا۔

اسی سال روم المپکس میں محمد علی  کی لگاتار کامیابیوں نے ان کے نام کے ساتھ عظیم کا اضافہ بھی کیا۔رمبل ان دا جنگل محمد علی کی مشہور فائٹ تھی جسے فائٹ آفر سنچری بھی کیا گیا۔

ایک وقت ایسا بھی آیا جب محمد علی کو نسل پرستی کا سامنا بھی کرنا پڑا وہ مایوس تو ہوئے  لیکن  ہمت نہ ہاری اور اپنا کیریئر جاری رکھا اور بڑے بڑے باکسر کو رنگ میں چند لمحوں میں ڈھیر کیا۔

 عظیم باکسر نے اپنے کیریئر میں 61 مقابلے لڑے جس میں انہوں نے 56 میں کامیابی حاصل کی جبکہ صرف 5 مقابلوں میں انہیں شکست ہوئی۔

اپنے مجموعی مقابلوں میں سے 37 مقابلوں میں انہوں نے اپنے حریفوں کو ناک آؤٹ کیا۔20 صدی کے عظیم باکسر محمد علی 1984 میں پارکنسنز نامی بیماری  میں مبتلا ہوئے اور اسی بیماری نے ان کو رنگ سے ہمیشہ کیلئے دور بھی کر دیا۔ بڑے بڑے باکسروں کو چند لمحوں میں چت کرنیوالے باکسر بیماری سے لڑتے لڑتے  تین جون  2016 کو  اس دنیا سے چلے گئے