Thursday, May 9, 2024

محمد علی سدپارہ سمیت تین کوہ پیماؤں کا ابھی تک سراغ نہیں ملا

محمد علی سدپارہ سمیت تین کوہ پیماؤں کا ابھی تک سراغ نہیں ملا
February 8, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) محمد علی سدپارہ سمیت تین کوہ پیماؤں کا ابھی تک سراغ نہیں ملا۔ اہل خانہ سمیت قوم کو کسی معجزے کا انتظار ہے۔

ساجد سدپارہ بیس کیمپ سے سکردو پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا والد نے کے ٹو سر کر لیا تھا، آخری بار بوٹل نیک پر دیکھا گیا۔

نامور پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ ،آئس لینڈ کے جان سنوری اور چلی کے جان پابلو انتہائی بلندی پر پہنچنے کے بعد واپس نہ پہنچ سکے تھے۔ ذرائع کے مطابق پاک آرمی کے دو ہیلی کاپٹر ریسکیو ٹیم کے ہمراہ بلترو سیکٹر پہنچ گئے۔ ریسکیو ٹیم میں چار مقامی کوہ پیما بھی شامل ہیں۔ معاون خصوصی زلفی بخاری براہ راست کے ٹو پر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان اور آئس لینڈ کے وزرائے خارجہ کے مابین ٹیلیفونک رابطہ ہوا ۔ دونوں رہنماؤں نے لاپتہ کوہ پیماؤں کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔

کے ٹو بیس کیمپ پر درجہ حرارت منفی 35 ڈگری سنٹی گریڈ اور ہوا کی رفتار 20 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی ہے۔ لاپتہ کوہ پیما علی سدپارہ کے بیٹے  کو آرمی ہیلی کاپٹر میں کے ٹو بیس کیمپ سے سکردو لایا گیا۔ میڈیا سے گفتگو میں ساجد سدپارہ کا کہنا تھا کہ ان کے والد علی سدپارہ کو کے ٹو بوٹل نک پرآخری باردیکھا گیا۔  

علی سدپارہ جیسے باہمت کوہ پیما کی لاپتہ ہونے پر ان کے آبائی علاقے سکردو میں سوگ کا سماں ہے۔ عوام اور ان کے ساتھی کوہ پیما علی سدپارہ کی بازیابی کے لیے دعائیں کررہے ہیں۔