Friday, April 26, 2024

محمد رضوان کے ناقابل شکست 104 رنز نے پاکستان کو پہلا ٹی 20 میچ جتوا دیا

محمد رضوان کے ناقابل شکست 104 رنز نے پاکستان کو پہلا ٹی 20 میچ جتوا دیا
February 11, 2021

لاہور ( ویب ڈیسک ) وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی ناقابل شکست 104 رنز کی اننگز نے  پاکستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں فتح دلا دی ۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی ، پاکستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں  6 وکٹوں کےنقصان پر 169 رنز بنائے ۔جنوبی افریقہ کی ٹیم 170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز ہی بنا پائی ۔

پاکستان کی بیٹنگ ابتداء سے ہی لڑکھڑاہٹ کا شکار رہی اور محمد رضوان کے سوا کوئی بلے باز قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا۔

  کپتان بابر اعظم بغیر  کوئی اسکور بنائے ایک کے مجموعی اسکور پر رن آؤٹ ہو گئے ۔پاکستان کی دوسری وکٹ 37 کے مجموعے پر گری جب ٹاپ آرڈر حیدر علی نے 16 گیندیں کھیلیں اور تین چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنائے  اور کیچ آؤٹ ہوئے ۔

مڈل آرڈر حسنین طلعت  نے اوپنر  محمد رضوان کیساتھ مل کر اسکور کو 69 تک پہنچایا جہاں حسنین طلعت 11 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 15 رنز بنا کر اسٹیمپ آؤٹ ہو گئے ۔

پاکستان کی جانب سے چوتھی وکٹ افتخار احمد کی صورت میں گری ،انہوں نے 8 گیندیں کھیل کر چار اسکور کئے ۔

خوشدل شاہ 12، فہیم اشرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔

20 اوورز تک ناقابل شکست رہنے والے محمد رضوان نے 64 گیندوں پر 104 رنز بنائے ،ان کی اننگز 7 چھکوں اورچھ چوکوں سے مزین تھی ۔

محمد رضوان نے گیارہویں اوور کی دوسری ، تیسری اور چھٹی گیند پر چھکے لگائے جس کے باعث جنوبی افریقہ کیلئے گیارہواں  اوور 20 رنز کیساتھ مہنگا ترین ثابت ہوا ۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے  اینڈلے فیشو وائیو  نے  دو ، بیون فورٹن، لتھو سپاملا اور تبریز شمسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔

جنوبی افریقہ کے اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا  53 رنز کی شراکت داری قائم کی جہاں  جینیمن میلان  عثمان قادر کی گیند پر 44 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ساتھی اوپنر ریزا ہینڈرکس  54 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے ۔

ان کے علاوہ کوئی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا ، ٹاپ آرڈر جیکس سنیمن 2، ڈیوڈ ملر 6، وکٹ کیپر بلے باز ہینرک 12، اینڈلے فیشو وائیو   14 رنز بنا کر چلتے بنے ۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے اور عثمان قادر نے دو ،دو کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا جبکہ فہیم اشرف نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ۔

محمد رضوان کو شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔