Monday, September 16, 2024

محققین نے الزائمر (نسیان) کو بڑھنے سے روکنے والی پروٹین کی قسم ڈھونڈ نکالی

محققین نے الزائمر (نسیان) کو بڑھنے سے روکنے والی پروٹین کی قسم ڈھونڈ نکالی
April 20, 2016
لندن (ویب ڈیسک) محققین نے کہا ہے کہ قدرتی پروٹین کا ٹیکہ الزائمر (یادداشت کھونے کی بیماری) کو بڑھنے سے روک سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محققین نے یہ نتائج چوہوں پر کیے جانے والے تجربات کے بعد اخذ کیے ہیں۔ گلاسکو یونیورسٹی اور ہانگ کانگ یونیورسٹی آف سائنس اور ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے محققین کا کہنا ہے کہ آئی ایل 33 نامی پروٹین حافظہ بہتر بنانے کے ساتھ الزائمر سے متاثرہ افراد کے دماغ میں جمع ہونے والے مادے کو روکتی ہے۔ ماہرین نے امید ظاہر کی ہے کہ انسانوں پر اس علاج کی تحقیق جلد شروع کی جائے گی۔ خیال رہے کہ آئی ایل 33 انفیکشن اور بیماری کے خلاف مدافعتی نظام کا حصہ ہے خاص طور پر دماغ اور ریڑھ کی ہڈی میں۔ الزائمر میں مبتلا مریضوں کے دماغ میں صحت مند انسانوں کی نسبت مذکورہ پروٹین کی مقدار انتہائی کم ہوتی ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ الزائمر کی بیماری میں مدافعتی نظام کا کردار اور بیماری کے دیگر اسباب دوا کی تلاش کی کوششوں میں امید افزا شعبے ہیں۔