Sunday, September 8, 2024

محققین نے آئندہ تین برسوں کے دوران زکا وائرس ختم ہونے کی اُمید ظاہر کر دی

محققین نے آئندہ تین برسوں کے دوران زکا وائرس ختم ہونے کی اُمید ظاہر کر دی
July 18, 2016
لندن (ویب ڈیسک) محققین کا کہنا ہے کہ اگر زکا وائرس پر مناسب طور پر قابو پا لیا گیا تو اس کے مریضوں کی تعداد میں کمی واقع ہوتی جائے گی اور پھر رفتہ رفتہ یہ وائرس ختم ہو جائے گا۔ برطانوی جریدے ”جنرل سائنس“ میں چھپنے والی رپورٹ کے مطابق محققین نے کہا ہے کہ اگر تین برس میں زکا وائرس ختم ہو گیا تو پھر دوسری بار زکا وائرس کی وبا پھیلنے میں کم از کم دس برس کا عرصہ درکار ہو گا۔ امپیریئل کالج لندن کے محققین نے زکا وائرس کا ایک ماڈل بھی تخلیق کیا ہے۔ اس ماڈل کے مطابق چونکہ زکا وائرس ایک شخص کو دو بار متاثر نہیں کر سکتا اس لیے وقت کے ساتھ ساتھ جتنے زیادہ لوگ اس سے متاثر ہوں گے وہ سب کے سب محفوظ گروپ کا حصہ ہو جائیں گے اور اس طرح وبا سے متاثر ہونے والوں کی سطح کم ہوتے ہوتے ختم ہو جائے گی۔ اس بات کا دوسرا پہلو یہ بھی ہے کہ محققین ابھی تک زکا وائرس کے حتمی خاتمے بارے پیشگوئی کرنے سے گریزاں ہیں۔ واضح رہے کہ زکا وائرس میں مبتلا حاملہ خواتین کے ہاں بچے پیدائشی نقائص کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں اور عمر بھر معذور رہتے ہیں۔ یہ وائرس لاطینی امریکا کے پچاس ممالک میں پھیل چکا ہے۔