Tuesday, April 23, 2024

محسن پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان ایچ ایٹ قبرستان میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

محسن پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان ایچ ایٹ قبرستان میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک
October 10, 2021 ویب ڈیسک

اسلام اباد (92 نیوز) محسن پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اسلام آباد کے ایچ ایٹ قبرستان میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیئے گئے۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نمازِجنازہ فیصل مسجد میں ادا کی گئی۔ پروفیسر ڈاکٹر احمد الغزالی نے نمازجنازہ پڑھائی۔ وفاقی وزرا، ارکان پارلیمنٹ، ملٹری حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد نمازجنازہ میں شریک ہوئی۔ نمازجنازہ کے دوران ابر رحمت بھی برستا رہا۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پھیپھڑوں میں تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ان کا انتقال آج صبح 7 بجے کے قریب ہوا۔

ڈاکٹر عبدالقدیر 1936ء کو بھوپال میں پیدا ہوئے، نیوکلیئر فزکس میں اکیڈمک تعلیم حاصل کرنے والے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پاکستانی ایٹمی پروگرام میں خدمات پر 2 بار نشان امتیاز سے نوازا گیا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو 3 صدارتی ایوارڈ بھی ملے۔

ڈاکٹر عبدالقدیر نے ہالینڈ سے ماسٹرز آف سائنس، بیلجیئم سے ڈاکٹریٹ آف انجینئرنگ کی اسناد لیں۔ یورپی یونیورسٹیوں میں تعلیم کے بعد 1976ء میں پاکستان واپس آ گئے تھے۔