Friday, May 17, 2024

محسن داوڑ کی دوغلی پالیسی کھل کر سامنے آگئی

محسن داوڑ کی دوغلی پالیسی کھل کر سامنے آگئی
May 30, 2019
 پشاور (92 نیوز) محسن داوڑ کی دوغلی پالیسی کھل کر سامنے آگئی۔ ماضی میں شمالی وزیرستان میں ریاستی رٹ اور فوجی آپریشن کی حمایت کی، وہاں امن قائم ہوگیا تو غیرملکی آقاؤں کے کہنے پر پشتون بھائیوں میں انتشار پیدا کرنا شروع کر دیا۔ بلی تھیلے سے باہر آگئی، ثابت ہوگیا محسن داوڑ دشمن کا آلہ کار تھا۔ چند روز قبل بین الاقوامی میڈیا کو انٹرویو میں شمالی وزیرستان سے پاک فوج کے انخلا کا مطالبہ کیا لیکن چند پرانی ٹویٹس نے پی ٹی ایم رہنما کا دوغلا پن بے نقاب کر دیا۔ جولائی دو ہزار چودہ کو ایک ٹویٹ میں محسن داوڑ نے مطالبہ کیا شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن ہونا چاہئے کیونکہ رٹ قائم کرنا اور لوگوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ محسن داوڑ کے دوغلے پن کا ایک اور نمونہ ملاحظہ فرمائیے، ماضی میں موصوف شمالی وزیر ستان میں ڈرون حملوں کے حامی تھے، دو اکتوبر دو ہزار تیرہ کو محسن داوڑ نے شیریں مزاری کی ٹویٹ پر سابق امریکی صدر اوباما کو نوبل پیِس پرائز کا حقدار قرار دیا تھا کیونکہ اُن کے دور میں پاکستان پر 400 ڈرون حملے کئے گئے، ایسی ہی ایک اور ٹویٹ میں محسن داوڑ نے ڈرونز کو مسیحا قرار دیا۔ پاک فوج نے قربانیوں کے بعد شمالی وزیر ستان میں امن قائم کیا لیکن محسن داوڑ پھر انتشار کی کوشش میں رہا، حکومتی رٹ قائم ہوچکی ہے توغیر ملکی ایجنسیوں کا آلہ کار بن کر پھر پشتونوں کو آگ میں جھونکنا چاہتا ہے۔