Friday, May 17, 2024

محبوبہ مفتی ، ساجد لون اور عمر عبداللہ کو گھروں میں نظر بند کردیاگیا، بھارتی میڈیا

محبوبہ مفتی ، ساجد لون اور عمر عبداللہ کو گھروں میں نظر بند کردیاگیا، بھارتی میڈیا
August 5, 2019
سرینگر ( 92 نیوز)مودی سرکار کا مقبوضہ کشمیر میں خون کی ہولی کھیلنے کا بڑا منصوبہ بے نقاب ہوا جارہا ہے ،  بھارتی میڈیا کے مطابق محبوبہ مفتی ، ساجد لون اور عمر عبداللہ کو گھروں میں نظر بند کردیاگیا ہے ۔ نظر بندی سے قبل عمر عبداللہ نے اپنے ٹویٹ پیغام میں بھی کہا تھا کہ  مقبوضہ کشمیر میں  جانے کیا ہونے جا رہا ہے ، اللہ پاک سب کی حفاظت فرمائے ۔ عمر عبداللہ نےا پنے ٹویٹ میں  آج رات خود کے نظر بند ہونے کے خدشے کو ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ  ممکن ہےمجھے آج رات سے گھر میں نظربندکردیاجائے، دوسرے مرکزی رہنماؤں کے خلاف بھی ایسی کارروائی کی تیاری کی جارہی ہے۔ دوسری جانب چینل 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے  حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ  مشال ملک نے بھی  انہیں خدشات کا ذکر کیا تھا۔ مشال ملک نے  چینل 92  نیوز کے پروگرام نائٹ ایڈیشن میں کہا تھا کہ  مقبوضہ کشمیر میں کشمیری  پولیس اہلکاروں سے اسلحہ لے لیا گیا ہے ، وادی سے سیاحوں کو نکالا جارہا ہے اور افواہ ہے کہ کل ائیرپورٹس بند کر دیئے جائیں گے ، جنگی جنون میں مبتلا بھارت پتہ نہیں کیا کرنے جا رہا ہے ۔ مشال ملک نے 92 نیوز کے پروگرام نائٹ ایڈیشن میں گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ حریت رہنما یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے ، ان کی طبیعت ٹھیک نہیں  ، کچھ دنوں سے کسی کی ان س ےملاقات بھی نہیں ہوئی ۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیرمیں تمام یونیورسٹیوں کےامتحانات ملتوی کردیئے گئے ۔  بھارتی میڈیا کے مطابق کشمیر یونیورسٹی نے5سے 10اگست تک ہونےوالےپرچے ملتوی کر دیئے ۔ وادی بھرمیں 15اگست تک انٹرنیٹ سروسز بھی معطل رکھی جائیں گی، ضلع اننت ناگ میں پٹرول کی فروخت پر بھی پابندی عائدکردی گئی ہے۔