Friday, April 19, 2024

مجاہد اول  سردار عبدالقیوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

مجاہد اول  سردار عبدالقیوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس
October 18, 2015
لاہور(92نیوز)پاکستان اسمبلی آف یوتھ کے زیراہتمام لاہور میں سابق صدر آزادکشمیر سردار عبدالقیوم خان کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا جس میں بلوچستان اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تفصیلات کےمطابق الحمرا ہال لاہور میں بیاد سردار محمد عبدالقیوم خان کے عنوان سے ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان، سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان اور سابق سپیکر آزادکشمیر شاہ غلام قادر سمیت دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔ سردار محمد عبدالقیوم خان کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان نے کہا کہ سردار عبدالقیوم خان بڑی عمدہ شخصیت کے مالک تھے جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت پر ہے۔ اگر بلوچستان میں حالات اچھے ہیں تو اس کی وجہ آمریت نہیں بلکہ جمہوریت ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ ان کے والد علامہ اقبال کی شاعری کی عملی تفسیر تھے۔ تقریب میں موجود مقررین نے سردار عبدالقیوم کی زندگی کے حوالے سے جہاں اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا وہیں ان کا کہنا تھا کہ ملک و قوم کو سردار عبدالقیوم جیسی شخصیات کی بے حد ضرورت ہے۔