Sunday, September 8, 2024

متوقع مون سون بارشیں‘ بلوچستان میں ہائی الرٹ‘ عملے کی چھٹیاں منسوخ

متوقع مون سون بارشیں‘ بلوچستان میں ہائی الرٹ‘ عملے کی چھٹیاں منسوخ
July 11, 2016
کوئٹہ (92نیوز) پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں کے پیش نظر بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دیں اور کنٹرول روم فعال کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے نے مون سون کی بارشوں کے پیش نظر کوہلو، ڈیرہ بگٹی، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی اور ژوب کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوہلو، بارکھان اور ڈیرہ بگٹی میں بارشوں کے بعد نشیبی علاقوں کی ندی نالوں میں طغیانی کے باعث کھڑی فصلوں کو نقصان ہوا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ صحبت پور میں شاہی کینال میں تیس فٹ کا شگاف پڑ گیا۔ قریبی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل کرکے شاہی کینال کے گیٹ بند کر دیے گئے۔ شہریوں کو کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے ایک مرتبہ پھر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ حکومت کو تمام احتیاطی تدابیر اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری مکمل کرلینی چاہیے تاکہ جانی نقصانات سے بچا جا سکے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ ایرگیشن سمیت دیگر محکموں کا عملہ غائب ہو گیا جس کے وجہ سے آپریشن کے کام میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔