Thursday, April 18, 2024

متفقہ ٹرمز آف ریفرنس کیلئے حکومتی پارلیمانی کمیٹی کے اراکین کا اعلان کر دیا گیا

متفقہ ٹرمز آف ریفرنس کیلئے حکومتی پارلیمانی کمیٹی کے اراکین کا اعلان کر دیا گیا
May 23, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے پاناما دستاویزات کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کے حکومتی ارکان کی منظوری دے دی ہے جبکہ پاناما لیکس پر پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے لئے باضابطہ مشاورت نہ کرنے پر چیئرمین سینیٹ کی برہمی برقرار ہے۔ رضا ربانی نے کمیٹی ارکان کے نام اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوانے کے معاملے سے خود کو الگ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاناما لیکس کے تحقیقاتی کمیشن کے لیے متفقہ ٹی او آرز کی تیاری کے لئے وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں اپنے خطاب کے دوران حکومتی اور اپوزیشن اراکین پر مشتمل ایک کمیٹی کی تشکیل کی تجویز دی تھی جس کے لئے حکومتی اراکین کے ناموں کی منظوری دے دی گئی ہے۔ کمیٹی میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار، خواجہ سعدرفیق‘ خواجہ آصف‘ انوشہ رحمان اور اکرم درانی شامل ہیں۔ اسپیکر ایاز صادق نے حکومتی ارکان کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔ ادھر پاناما لیکس پر پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے لئے باضابطہ مشاورت نہ کرنے پر چیئرمین سینیٹ کی برہمی ختم نہیں ہوئی۔ رضا ربانی نے کمیٹی کے لئے سینیٹ سے تعلق رکھنے والے ارکان کے نام اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوانے کے معاملے سے خود کو الگ کر لیا ہے۔ اس سلسلہ میں انھوں نے سینیٹ سیکرٹریٹ کو بھی نام نہ بھجوانے کی ہدایت کر رکھی ہے جس کے بعد اب سینیٹ کے حکومتی اور اپوزیشن اراکین کے نام اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوانے کی ذمہ داری قائد ایوان سینیٹ راجہ ظفر الحق اور اپوزیشن لیڈر اعتزاز احسن سرانجام دیں گے۔