Monday, September 16, 2024

متحدہ کے چوتھے رکن سندھ اسمبلی بھی پارٹی سے ہجرت کر گئے

متحدہ کے چوتھے رکن سندھ اسمبلی بھی پارٹی سے ہجرت کر گئے
April 18, 2016
کراچی (92نیوز) مصطفیٰ کمال نے ایم کیوایم کی ایک اورپتنگ کاٹ دی۔ ایم کیوایم کے رکن سندھ اسمبلی اشفاق منگی پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہو گئے۔ اشفاق منگی پی ایس 127 سے رکن سندھ اسمبلی ہیں اور رابطہ کمیٹی کے ممبر بھی رہ چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایم پی اے اشفاق منگی پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہونے والے ایم کیو ایم کے چوتھے رکن اسمبلی ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے اشفاق منگی اور ان کے ساتھ آئے ہوئے زونل انچارج، سوشل فورم ذمہ داران، سی سی ممبران اور مسلم لیگ (ن) سندھ کے مرکزی رہنما کو خوش آمدید کہا۔ پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ یہ سلسلہ اب نہ رکنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں کو ٹارگٹ کلنگ سے بچانے آئے ہیں۔ وہ چوبیس اپریل کے بعد پاکستان بھر کا دورہ کریں گے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا ہماری پارٹی میں اتنے لوگ شامل ہو رہے ہیں کہ تفصیل بتائی تو بہت وقت لگ جائے گا۔ ہمارے ساتھ بہت سارے لوگ ہیں‘ لوگ ہماری باتوں کو سمجھ رہے ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم پی اے اشفاق منگی نے مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کی جانب سے والہانہ استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ اشفاق منگی نے کہا کہ مصطفیٰ کمال کی پریس کانفرنس سنی تو سندھ کے عوام ہل کر رہ گئے۔ اس کے بعد ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم نے سیاست نہیں کرنی اور سچ کا ساتھ دینا ہے۔ ہم ایم پی اے یا ایم این اے بننے نہیں لوگوں کی خدمت کرنے آئے تھے۔ متحدہ قائد نے جو وعدے ہم سے کیے تھے وہ پورے نہیں ہوئے۔ ہمیں خیال نہیں تھا کہ ہم پر ”را“ کا الزام لگایا جائے گا۔ اشفاق منگی نے کہا کہ جیکب آباد کے زونل انچارج میر اسلم‘ غلام جیلانی منگی‘ سردار منور علی چوہان بھی ہمارے ساتھ شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا میر منور علی خان سندرانی مسلم لیگ (ن) کے جوائنٹ سیکرٹری ہیں وہ بھی آج سے پاک سرزمین پارٹی کا حصہ ہوں گے۔ اس موقع پر انہوں نے ایم کیو ایم کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دینے کا اعلان بھی کر دیا۔