Friday, April 19, 2024

متحدہ کے رکن سندھ اسمبلی دلاور حسین پاک سرزمین پارٹی میں شامل

متحدہ کے رکن سندھ اسمبلی دلاور حسین پاک سرزمین پارٹی میں شامل
May 4, 2016
کراچی (92نیوز) مصطفیٰ کمال نے ایم کیوایم کی ایک اور وکٹ گرا دی۔ رکن سندھ اسمبلی دلاور حسین بھی پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہو گئے۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ الطاف حسین مفاد پرست ہیں، انہیں کارکنوں کی لاشیں گرنے کا کوئی افسوس نہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی دلاور حسین نے پاکستان ہاوس پہنچ کر پریس کانفرنس میں پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پر پی ایس پی رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا کہ الطاف حسین کو کارکنوں کی لاشیں گرنے کا کوئی افسوس نہیں۔ انہوں نے معصوم لوگوں کو ٹارگٹ کلر اور بھتہ خور بنایا۔ ایم کیو ایم قائد سوچیں کہ کس مقصد کیلئے خون بہایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین‘ رحمان ملک اور پارٹی کے چند رہنماوں کو حقیقت بتا چکے ہیں، کارکنوں کو بھی حقیقت سے آگاہ کیا جائے۔ پی ایس پی میں شامل ہونے والے دلاور حسین کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے کراچی والوں کو ذلت اور سوائی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ لوگوں کی خدمت کی جاتی تو پندرہ ہزار جوان نہ مارے جاتے۔ انہوں نے کہاکہ فاروق ستار نے بھارتی سفارتکار کو خط لکھا اور پھر معافی مانگی۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں انیس قائم خانی نے کہا کہ کراچی اور کراچی والوں پر الطاف حسین کی وجہ سے عذاب آیا، الطاف حسین قوم سے معافی مانگیں۔