Friday, April 19, 2024

متحدہ میں کشمکش عروج پر‘ ممبر قومی اسمبلی سفیان یوسف کا مستعفی ہونے کا اعلان

متحدہ میں کشمکش عروج پر‘ ممبر قومی اسمبلی سفیان یوسف کا مستعفی ہونے کا اعلان
September 22, 2016
کراچی (92نیوز) ایم کیو ایم پاکستان اور ایم کیو ایم لندن میں کشمکش بڑھ گئی۔ ارکان پارلیمنٹ اور پارٹی رہنماو¿ں کو اپنے اپنے کیمپ میں شامل کرنے کیلئے سرتوڑ کوششیں جاری ہیں۔ لندن سے فون کالز کے بعد ایم این اے سفیان یوسف نے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔ ایم کیو ایم پاکستان (جس کی قیادت ڈاکٹر فاروق ستار کر رہے ہیں) کا کہنا ہے کہ کل تمام ارکان سندھ اسمبلی پریس کانفرنس میں شریک ہوں گے۔ خیال رہے کہ قائد ایم کیو ایم کی 22 اگست کی پاکستان مخالف تقریر کے بعد ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے راستے لندن قیادت سے جدا کر لیے تھے اور محب وطن جماعت کے طور پر اپنا سفر آگے جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں تمام سیاسی جماعتوں نے بانی ایم کیو ایم کیخلاف غداری کے مقدمے کے تحت کارروائی کی قراردادیں بھی مشترکہ طور پر منظور کی تھیں۔ پارٹی کو ہاتھ سے جاتا دیکھ ایم کیو ایم کی لندن میں بیٹھی قیادت بھی متحرک ہو گئی۔ آج سوشل میڈیا پر ٹویٹس کرتے ہوئے لندن قیادت نے ایم کیو ایم پاکستان کے تمام سینیٹرز اور ممبران قومی اور صوبائی اسمبلی سے اپیل کی تھی کہ وہ فوری طور پر اپنی اپنی نشستوں سے مستعفی ہو جائیں۔ اس صورتحال میں پیشرفت اس وقت ہوئی جب لندن سے فون کالز آنے کے بعد ایم کیو ایم کے ممبر قومی اسمبلی سفیان یوسف نے استعفیٰ دیدیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن سیکرٹریٹ سے اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی کو کالز موصول ہونے لگیں۔ لندن میں رہنماﺅں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مینڈیٹ بانی ایم کیوایم کا ہے، آپ استعفے دیں جس پر ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین اسمبلی تذبذب کا شکار ہو گئے ہیں۔ ایم کیوایم کے ایم این اے سفیان یوسف استعفیٰ دینے کا اعلان کرچکے ہیں۔ ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی سفیان یوسف کا کوئی استعفیٰ اب تک موصول نہیں ہوا ہے۔ دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ کل تمام اراکین اسمبلی پریس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔