Wednesday, April 24, 2024

متحدہ مجلس عمل کا لاہور سے انتخابی مہم کا آغازکرنے کا اعلان

متحدہ مجلس عمل کا لاہور سے انتخابی مہم کا آغازکرنے کا اعلان
April 27, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) متحدہ مجلس عمل نے انتخابی مہم کا آغاز لاہور سے کرنے کا اعلان کردیا۔ مولانا فضل الرحمان  نے کہا کہ تیرہ مئی کو مینار پاکستان پر جلسہ عام ہو گا، حکومتوں سے علیحدگی سمیت آئندہ کا لائحہ عمل دو مئی کے ورکرز کنونشن میں دینگے، ملکی سلامتی سب سے مقدم ہے۔ متحدہ مجلس عمل کا سربراہی اجلاس اسلام آباد مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں سراج الحق، ساجد نقوی، انس نورانی سمیت دیگر مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی – اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان کی قومی سلامتی انتہائی اہمیت کی حامل ہے ، اس وقت ملک عالمی استعماریت کے دباؤ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینلجز سے نمٹنے کے لئے امہ میں بیداری پیدا کریں گے، 13 مئی کو مینار پاکستان پر ملک گیر جلسہ کا انعقاد کرینگے، 9 مئی ملتان اور 12 مئی مستونگ میں عوامی طاقت کا مظاہرہ ہو گا ۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دو مئی کو ورکرز کنونشن میں حکومتی اتحاد سے علیحدگی سمیت آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان ہو گا۔ جے یو آئی ف کے سربراہ  نے مزید کہا کہ اس وقت امت مسلمہ جنگ کی آگ میں جل رہی ہے، ایم ایم اے پوری امہ کی آواز بنے گی، ہم مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی آواز بنیں گے۔