Friday, April 26, 2024

متحدہ قومی موومنٹ کے سلیم شہزاد لندن میں انتقال کر گئے

متحدہ قومی موومنٹ کے سلیم شہزاد لندن میں انتقال کر گئے
July 8, 2018
لندن (92 نیوز) متحدہ قومی موومنٹ  کے بانی اراکین میں شمار کئے جانے والے سلیم شہزاد لندن  میں انتقال کر گئے۔ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔ ان کی تدفین دو دن بعد لندن کے قبرستان میں کی جائے گی۔ کراچی کی سڑکوں پر مہاجر حقوق کی جدوجہد کا آغاز ہوا تو سلیم شہزاد بھی اس کا حصہ بن گئے۔ ایم کیوایم کے بانی اراکین میں شامل سلیم شہزاد نے سیاسی جدوجہد کے دوران کئی بار اچھا اور برا وقت دیکھا۔ کئی بار جیل کی سلاخوں کے پیھچے بھی جانا پڑا۔ 1992میں متحدہ کی قیادت نے لندن کا رخ کیا توانہوں نے بھی خود ساختہ جلاوطنی اختیار کی۔ پھرایک وقت آیا کہ ان کے متحدہ بانی سے اختلافات ہو گئے اور وہ پارٹی سے دور ہوتے چلے گئے۔ سلیم شہزاد  چھ فروری دو ہزار سترہ کو طویل خود ساختہ جلاوطنی ختم کر کے اچانک کراچی پہنچ گئے۔ ان کے خلاف تیئس مقدمات درج تھے جس کی بنا پر انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ عدالتوں سے ضمانتیں ملنے پر وہ رہا ہوئے اور انہوں نے اپنی الگ سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا لیکن جس طرح اچانک وطن آئے تھے اسی طرح واپس لندن چلے گئے۔ سلیم شہزاد نے سوگواران میں بیوہ اور پانچ بیٹیوں کو چھوڑا ہے۔