Friday, March 29, 2024

متحدہ عرب امارات کے بعد مزید مسلم ممالک کا صیہونی ریاست کو تسلیم کرنے کا امکان

متحدہ عرب امارات کے بعد مزید مسلم ممالک کا صیہونی ریاست کو تسلیم کرنے کا امکان
August 17, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان معاہدے کے بعد  مزید مسلمان ممالک کا صیہونی ریاست سے تعلقات قائم کرنے کا امکان ہے ۔ اسرائیلی وزیر برائےانٹیلی جنس کاکہنا ہے کہ بحرین اور عمان ایجنڈے پرہیں، افریقی ممالک سے بھی معاہدے ہوں گے۔ دوسری جانب  یواےای نے ایران کے صدر حسن روحانی کی جانب سے تنقید پر ایرانی ناظم الامور کو طلب کرلیا۔

متحدہ عرب امارات  اور اسرائیل میں باضابطہ تعلقات قائم ہونے کے بعد مزید خلیجی ممالک کا بھی صیہونی ریاست سے تعلقات قائم کرنے کاامکان ہے ۔اسرائیلی وزیر برائے انٹیلی جنس ایلی کوہن کاکہنا ہے کہ ’امارات، اسرائیل معاہدے کے نتیجے میں مزید خلیجی ممالک اور افریقی مسلم ممالک کے ساتھ بھی معاہدے ہوں گے۔‘

ایلی کوہن کا کہنا تھاکہ بحرین اور عمان یقیناً ایجنڈے پر ہیں، اگلے سال کے دوران  امن معاہدے کیلئے سوڈان بھی سرفہرست ہے۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے معاہدے پر ایرانی صدر کی تنقید کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے ایرانی ناظم الامور کو طلب کرلیا، حسن روحانی نے معاہدے کو بھیانک غلطی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اس سے خطے میں اسرائیل کے قدم مضبوط اور سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔