Saturday, May 4, 2024

متحدہ عرب امارات کا پاکستان کیلئے بڑا امدادی پیکج ، 3 ارب ڈالر دینے کا اعلان

متحدہ عرب امارات کا پاکستان کیلئے بڑا امدادی پیکج ، 3 ارب ڈالر دینے کا اعلان
December 21, 2018
ابوظہبی (92 نیوز) پاکستانی معیشت کو سنبھالا دینے کیلئے متحدہ عرب امارات نے 3 ارب ڈالر دینے کا اعلان کر دیا ۔ تحریک انصاف کی حکومت پر اعتماد کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات بھی پاکستان کی مدد کو آگیا۔ عرب میڈیا کے مطابق پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے یو اے ای 3 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں جمع کرائے گا۔ یہ اقدام پاکستان کی معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں 3 ارب ڈالر جمع کرانے کا اعلان ابوظہبی فنڈ فار ڈویلپمنٹ نے ایک بیان میں کیا ۔ اس سے قبل متحدہ عرب امارات پاکستان میں  ڈیڑھ ارب ڈالر کے آٹھ ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز فراہم کر چکا ہے۔ ان منصوبوں کا تعلق توانائی، صحت، تعلیم اور سڑکوں کی تعمیر سے ہے۔ ادھر وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ میں کہا آزمائش اور کڑے وقت میں مدد دینے پر متحدہ عرب امارات حکومت کا شکریہ ۔ یو اے ای کا یہ اقدام سالوں پر محیط دوستی اور خلوص کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا معاشی تجزیہ کاروں نے متحدہ عرب امارات کے پیکیج کو خوش آئند قرار دے دیا ۔ قیس اسلم کہتے ہیں زرمبادلہ کے ذخائر بڑھنے سے روپے کی قدر مستحکم ہو گی۔