Wednesday, April 24, 2024

متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو دو ارب ڈالر امدادی قرض کی واپسی میں توسیع کر دی

متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو دو ارب ڈالر امدادی قرض کی واپسی میں توسیع کر دی
April 20, 2021

دبئی (92 نیوز) متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو دو ارب ڈالر امدادی قرض کی واپسی میں توسیع کر دی۔ اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ نے شاہ محمود کو ملاقات میں آگاہ کر دیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے عالمی فورمز پر دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ بیٹھک میں دو طرفہ تعلقات، افغان امن عمل اور بھارتی غیرقانونی زیرقبضہ کشمیر  کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا تین روزہ دورہ ء متحدہ عرب امارات کامیابی کے ساتھ پایہ تکمیل کو پہنچا ۔ وزیر خارجہ نے اپنے دورہ کے ابتدائی حصے میں پاکستان بزنس کونسل دبئی کی جانب سے دیے گئے افطار ڈنر میں شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے دبئی میں مقیم پاکستانی بزنس کمیونٹی کو حکومت پاکستان کی معاشی سفارت کاری سے متعلقہ حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے" دبئی ایکسپو 2020" میں قائم "پاکستان پویلین "کا دورہ کیا۔ اکتوبر 2021 سے شروع ہونیوالی اس ایکسپو میں پاکستان کی جانب سے بھرپور شرکت کا عندیہ دیا ۔

وزیر خارجہ نے دبئی میں واقع پاکستانی قونصل خانے کا دورہ کیا اور وہاں مدعو مقامی و بین الاقوامی پریس نمائندگان سے خطاب کیا۔ وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس کے ذریعے اپنے دورے کے اغراض و مقاصد، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین فروغ پاتے تعلقات پر سیر حاصل گفتگو کی ۔

وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر میں شرکت کی اور مختلف شعبہ جات میں پاکستانیوں کی خدمات کو سراہا۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت اور تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیر خارجہ نے اماراتی قیادت کو ویزا کے حصول میں حائل مشکلات اور پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دہانیوں سے موجود دیرینہ برادرانہ تعلقات، وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے ان اقدامات اور بھر پور میزبانی پر اماراتی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔