Wednesday, April 24, 2024

متحدہ عرب امارات بھی خلا کی تسخیر کرنے والے ممالک میں شامل

متحدہ عرب امارات بھی خلا کی تسخیر کرنے والے ممالک میں شامل
February 10, 2021

دبئی (92 نیوز) متحدہ عرب امارات بھی خلا کی تسخیر کرنے والے ممالک میں شامل ہو گیا۔ خلائی مشن ’ہوپ پروب‘ 6 ماہ کے طویل سفر کے بعد کامیابی سے مریخ کے مدار میں داخل ہو گیا۔

تحقیق میں سرخ سیارے کی فضا کو تلاش کیا جائے گا، یہ جاننے کی کوشش کی جائے گی کہ  کس طرح مریخ نے اپنی زیادہ تر ہوا کھو دی اور اس کا پانی ختم ہوا۔

ہوپ مشن 687 دن تک سیارے کا چکر لگائے گا ، ستمبر میں اس کی مدد سے حاصل کی گئی معلومات زمین تک پہنچنے کا امکان ہے۔ مشن کے مدار میں داخل ہونے پر یو اے ای میں جشن  ، برج خلیفہ اور دیگر عمارتیں رنگ و نور میں نہا گئیں۔

محمد بن راشد خلائی مرکز میں بھی خوب گہا گہمی رہی۔ ابوظہبی کے ولی عہد  شیخ محمد بن زاید اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد نے سائنسدانوں کو مبارکباد دی۔

متحدہ عرب امارات، چین اور امریکا نے جولائی 2020 میں مریخ کیلئے اپنے مشنز روانہ کیے تھے۔ یہ وہ وقت تھا جب مریخ اور زمین ایک دوسرے کے انتہائی قریب تھے اور اس کا تینوں ممالک نے فائدہ اٹھایا۔ چینی مشن دو روز بعد جبکہ امریکی مشن 18 فروری کو خلا میں پہنچے گا۔