Sunday, September 8, 2024

متحدہ رہنما شاہد پاشا نے ٹارگٹ کلنگ اور دیگر سنگین وارداتوں کا اعتراف کر لیا

متحدہ رہنما شاہد پاشا نے ٹارگٹ کلنگ اور دیگر سنگین وارداتوں کا اعتراف کر لیا
March 21, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر شاہد پاشا کو نوے روز کیلئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا۔ ملزم شاہد پاشا پر ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردوں کی معاونت سمیت کئی سنگین الزامات ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر سے گرفتار ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر شاہد پاشا کو رینجرز کی سخت سکیورٹی میں انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ لاءافسر کے مطابق ایم کیو ایم رہنما شاہد پاشا کو حساس اداروں کی رپورٹ پر حراست میں لیا گیا۔ متحدہ رہنما نے ابتدائی تفتیش میں ٹارگٹ کلنگ‘ آرمڈ فورسز پر حملوں اور دیگر سنگین وارداتوں میں براہ راست ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم بدنام زمانہ عسکری ونگ کی سرپرستی اور معاونت بھی کرتا رہا۔ عدالت نے ملزم شاہد پاشا کو نوے روز کیلئے رینجرز کے حوالے کر دیا۔ دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نے شاہد پاشا کی گرفتاری کےخلاف ان کی اہلیہ کی درخواست پر فریقین کو گیارہ اپریل تک نوٹس جاری کر دیے۔ ادھر اے ٹی سی نے ایم کیو ایم کارکن نعمان ملک اور ایس کے اظہار کو بھی نوے روز کیلئے رینجرز کے حوالے کر دیا۔ وکیل رینجرز کے مطابق ملزم بھتہ خوری‘ جلاوگھیراو اور دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں۔