Tuesday, April 16, 2024

متحدہ اپوزیشن صدارتی امیدوار کا فیصلہ نہیں کرسکی ، ذرائع

متحدہ اپوزیشن صدارتی امیدوار کا فیصلہ نہیں کرسکی ، ذرائع
August 25, 2018
مری ( 92 نیوز) متحدہ اپوزیشن کے صدارتی اُمیدوار کا معاملہ لٹک گیا، تمام اپوزیشن ایک طرف تو پیپلزپارٹی دوسری طرف ہے ، پیپلزپارٹی کی جانب سے مشاورت کے لئے وقت مانگنے پر اُمیدوار کا فیصلہ نہ ہو سکا، صدر کے لئے بھی متحدہ اپوزیشن میں دراڑ دکھائی دے رہی ہے۔ مری میں منعقد ہونے والی اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں فیصلہ نہ ہو سکا  ، ن لیگ آل پارٹیز کانفرنس کی کہانی کچھ اور سنا رہی ہے  جبکہ ذرائع اجلاس کی اندرونی کہانی بھی سامنے لے آئے ۔ اجلاس ختم ہوا تو ن لیگ کے احس اقبال سامنے آئے اور دعویٰ کیا کہ اپوزیشن  کے مشترکہ صدارتی اُمیدوار کا اعلان کل کیا جائے گا جبکہ پی پی پی نے مشاورت کے لئے وقت  لیا ہے ۔ ادھر ذرائع اجلاس کی  اندرونی کہانی کچھ اور ہی سنا ر ہے ہیں  ،ذرائع کے مطابق صدر کے لئے نام پر اتفاق  اپوزیشن کے لئے درد سر بن گیا  ہے ، پیپلزپارٹی کا رویہ فیصلہ کرنے میں حائل ہوگیا  ۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں ایک طرف   جبکہ پیپلزپارٹی نے اجلاس میں شرکت کے لئےوفد ہی بے اختیار بھیجا  ۔ تمام اپوزیشن جماعتوں نے شہباز شریف کو صدارتی اُمیدوار  نامزد کرنے کا اختیار دیا تو پیپلزپارٹی نے مشاورت کے لئے وقت مانگ لیا  ،دیکھنا یہ ہے کہ پیپلزپارٹی کا اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے  ۔ بظاہر پی پی پی کا رویہ واضح کرتا  ہے کہ پی پی پی صدر کے لئے اپنے اُمیدوار کے نام پر ہی بضد رہے گی  ، دوسری طرف آ ل پارٹیز کانفرنس میں مولانا فضل الرحمنٰ کا نام بھی سامنے آیا جبکہ ن لیگ نے سرتاج عزیز ، عبدالقادر بلوچ  اور شاہد خاقان عباسی کے نام پیش کئے ۔ واضح رہے کہ پیپلزپارٹی اعتزاز احسن کانام پہلے ہی پیش کر چکی ہے۔