Friday, April 19, 2024

متاثرین عمران کی جانب سے کل اے پی سی کا انعقاد کیا گیا ،خرم شیر زمان

متاثرین عمران کی جانب سے کل اے پی سی کا انعقاد کیا گیا ،خرم شیر زمان
September 21, 2020

کراچی ( 92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ کل متاثرین عمران  کی جانب سے اے پی سی کا انعقاد کیا گیا ۔  عوام کو کچھ باتیں یاد دلانا چاہتا ہوں کہ زرداری صاحب فرماتے تھے  کہ نواز شریف قومی چور ہے ، نواز شریف نے زرداری صاحب کو قومی چور قرار دیا تھا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف ایک دوسرے کے پیٹ پھاڑنے کی باتیں کرتے تھے،زرداری کو سڑکوں پر گھسیٹنے کی باتیں ہوتی تھی،عوام کے سامنے ان کا چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے،ان کی تیاری پاکستان کے خلاف تحریک ہے۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ بلاول اس تحریک کو لاڑکانہ، نوابشاہ، دادو کیوں نہیں لیکر جاتے،شہباز شریف کو بلائیں اور نوابشاہ سے اس تحریک کا آغاز کریں،دیکھیں کہ نوابشاہ کے لوگ کیسے تڑپ رہے ہیں،تھر کے بچے بھوک سے مررہے ہیں ان کے لیے تحریک چلائیں،مولانا فضل الرحمان کو سندھ لے آئیں،سکھر لے آئیں جہاں کتے کاٹنے کی ویکسین موجود نہیں ہے،مریم کو سندھ لاکر بلاول کی گاڑی میں بٹھاکر دکھائیں سندھ کی حالت۔

انہوں نے مزید کہا کہ  عمران خان کی پوری دنیا تعریف کررہی ہے،اس ملک کو عمران خان مقبولیت کی طرف لیکر جارہے ہیں،ان سارے چوروں کو اکٹھا ہونا ضروری تھا،ان سب کے لیے شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ہے،ان سب نے ملکر قومی اسمبلی میں پاکستان کے خلاف ووٹ دیا،یہ وہ جماعتیں ہیں جو اس ملک کے خلاف ہیں،زرداری صاحب ہم دو نمبر سیاستدان نہیں،آپ نے اس  ملک کو دو نمبر سیاست سکھائی ہے،آپ نے لوگوں کے ذہنوں میں دو نمبر سیاست ڈالی۔