Saturday, April 20, 2024

مبشر کھوکھر قتل کا معاملہ، دوسرے نامزد ملزم عمرحيات کا بيان بھی سامنے آگيا

مبشر کھوکھر قتل کا معاملہ، دوسرے نامزد ملزم عمرحيات کا بيان بھی سامنے آگيا
August 8, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر کے قتل کا معاملہ، ايف آئی آرميں نامزد دوسرے ملزم عمرحيات کا بيان بھی سامنے آگيا۔

اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر کے قتل کا معاملہ، ملزم عمر حیات کے مطابق وقوعہ کے روز مرکزی ملزم ناظم نے اسے یہ کہہ کر اپنے گھر بلایا تھا کہ ہم نے کہیں جانا ہے، پنڈال کے قریب پہنچنے پر ناظم نے اسے تھوڑی دور کھڑا کردیا اور خود پنڈال میں چلا گیا۔

عمر حیات کا کہنا ہے کہ ناظم نے اسے مبشر کھوکھر کے قتل کے بارے میں کچھ نہیں بتایا تھا اس نے یہ کہہ کر گھر بلایا کہ ہم نے کہیں جانا ہے
موٹر سائیکل بھی ہماری اپنی نہیں تھی کسی سے مانگ کر لائے تھے، مارکی کی طرف جاتے ہوئے راستے سے ناظم نے نئے کپڑے اور جوتے خريدے۔

ناظم کو راستے کا نہیں پتہ تھا اس نے بابر نامی دوست کو فون کر کے راستے کا پوچھا تھا، پنڈال کے قریب پہنچنے پر ناظم اسے کچھ دور کھڑا کر کے چلا گیا اور اسے بولا کہ وہ کچھ دیر میں واپس آرہا ہے۔

عمر حیات کا کہنا ہے کہ ناظم کے واپس نہ آنے پر 20،25 منٹ بعد اسے کال کی تو اس کا کہنا تھا کہ بس آرہا ہوں۔ کال کے کچھ دير بعد گولي چلي اور بھگدڑ مچ گئی ميں نے کچھ دیر ناظم کا انتظار کیا اور میں واپس گھر آ گیا۔ مجھے گھر پہنچ کر پتہ چلا کہ مبشر کھوکھر قتل ہو گیا ہے۔

ناظم اکثر کہا کرتا تھا کہ مبشر کھوکھر نے اس کے بھائی اور چچا کو قتل کرایا ہے اور اسے جھوٹے مقدمے ميں پھنسايا ہے۔