Sunday, May 19, 2024

مایہ ناز قومی کرکٹر محمد حفیظ کا انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

مایہ ناز قومی کرکٹر محمد حفیظ کا انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
January 3, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) مایہ ناز قومی کرکٹر محمد حفیظ نے انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ 

قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ میرا پاکستان کے لئے کھیلنا فخر ہے، پاکستان کے لئے 18 سال کرکٹ کھیلی، اپنے والدین اور ساتھیوں، سرگودھا اور لاہور میں اپنی کرکٹ کلبز کا مشکور ہوں۔ اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور میڈیا کی جانب سے بھی تمام سپورٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

نیشنل کرکٹ کے تمام کوچز کی جانب سے رہنمائی کرنے پر مشکور ہوں، شاہد اسلم کا ہمیشہ بیٹنگ اور مینٹلی مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرنے پر ممنون ہوں۔ اپنے فینز کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے ہمیشہ سپورٹ کیا،  ابھی کچھ وقت اپنی فیملی کے ساتھ گزاروں گا۔ مستقبل میں اپنے لئے بہتر چوائس کا انتخاب کروں گا۔

اُنہوں نے کہا کہ 2003 سے 2007 کے درمیان کافی مشکل وقت تھا، اپنے فیلئر کا میں خود ذمے دار تھا، شاہد اسلم نے 13 سال تک میری کوچنگ کی۔ گالف صرف انجوائے کرنے کے لئے کھیلتا ہوں۔

محمد حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ پیسے کمانا میرا مقصد نہیں تھا۔ وننگ اسکواڈ کا حصہ بننے کی خواہش تھی۔ نئے لوگوں کے لئے دعا گو ہوں، مکمل طور پر مطمئن ہو کر ریٹائرڈ ہو رہا ہوں۔

محمد حفیظ اس وقت صرف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے تھے جبکہ ون ڈے اور ٹیسٹ سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے چکے تھے۔