Monday, May 13, 2024

مایہ ناز تخلیق کار عبدالرحمان چغتائی کی آج 45 ویں برسی منائی جا رہی ہے

مایہ ناز تخلیق کار عبدالرحمان چغتائی کی آج 45 ویں برسی منائی جا رہی ہے
January 17, 2020
 لاہور (92 نیوز) مایہ ناز تخلیق کار عبدالرحمان چغتائی کی آج 45 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔ نامور مصور نے لاتعداد اور لازوال خوبصورت فن پارے تخلیق کئے۔ نیشنل کالج آف آرٹس لاہور کا تذکرہ اپنے مایہ ناز سپوت عبدالرحمٰن چغتائی کے ذکر کیے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔ عبدالرحمٰن چغتائی کا تعلق عہد شاہ جہانی کے مشہور معمار احمد معمار کے خاندان سے تھا جنہوں نے تاج محل ، جامع مسجد دہلی اور لال قلعہ کے نقشے تیار کیے۔ انیس سو انیس میں لاہور میں ہندوستانی مصوری کی ایک نمائش نے ان کی طبیعت پر مہمیز کا کام کیا۔ انیس سو اٹھائیس میں انہوں نے ’’مرقع چغتائی‘‘ شائع کیا جس میں غالب کے کلام کی مصورانہ تشریح کی گئی جسے بہت پذیرائی ملی۔ غالب کے کلام پر مبنی ان کی کتاب ’’نقشِ چغتائی‘‘ بھی بے حد مقبول ہوئی۔ قیام پاکستان کے بعد عبدالرحمٰن چغتائی نے ابتدائی چار ڈاک ٹکٹوں میں سے ایک ڈیزائن کیا۔ ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن کے مونو گرام بھی تیار کیے۔ بے مثل مصور عبدالرحمٰن چغتائی کے افسانوں کے دو مجموعے ’’لگان‘‘ اور ’’کاجل‘‘  بھی شائع ہو چکے ہیں۔ اکیس ستمبر اٹھارہ سو ستانوے کو لاہور سے طلوع ہونے والا فن مصوری کا دمکتا آفتاب سترہ جنوری انیس سوپچھتر کو لاہور میں ہی غروب ہو گیا۔