Friday, April 26, 2024

مایہ ناز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر اشفاق احمد کی نماز جنازہ ادا

مایہ ناز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر اشفاق احمد کی نماز جنازہ ادا
January 21, 2018

اسلام آباد ( 92 نیوز ) پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے روح رواں اورمایہ ناز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر اشفاق احمد کاسفر آخرت ، نماز جنازہ ایچ الیون قبرستان میں ادا کر دی گئی ۔ نماز جنازہ میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات اور تینوں مسلح افواج کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے روح رواں ، ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں اہم محرک ،ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے قریبی ساتھی اورمایہ ناز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر اشفاق احمد دار فانی سے کوچ کر گئے ہیں ۔

ڈاکٹر اشفا ق احمد 3نومبر1930ءکو گرداس پور  بھارتی پنجاب میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم پاکستان ،ڈاکٹریٹ کی ڈگری کینیڈا سے حاصل کی ۔ مایہ نازماہر طبیعات ، جوہری سائنسدان ،پاکستان اٹامک انرجی کمیشن سابق چیئرمین اور28مئی 1998ءکو ایٹمی دھماکوں کے پیچھے مضبوط آوازتھے ۔

ایٹمی بجلی گھروں کی تعمیر ،صنعتی زرعی وطبی مقاصد کیلئے جوہری توانائی کا استعمال ،سرطان کے علاج کیلئے ہسپتالوں کا قیام آپ کے نادر کارنامے تھے ۔

ڈاکٹر اشفاق کئی برس حکومتی مشیر سائنس اور وزیر مملکت کے عہدوں پر بھی فائز رہے ۔ ڈاکٹر اشفاق کو اُن کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں بے نظیر بھٹو شہید نے 1989ءمیں ستارہ امتیازسے نوازا ،  1995ءمیں ہلال امتیاز اورپھر 1998ءمیں پاکستان کا سب سے بڑا سول اعزاز نشان امتیاز عطا کیا گیا ۔

ڈاکٹر اشفاق مختصر علالت کے بعد 18جنوری کو 87برس کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔ انہوں نے سوگواران میں بیوہ دو بیٹے اور پوتے چھوڑے ہیں۔

اُن کی نماز جنازہ ایچ الیون قبرستان میں ادا کی گئی جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات اور تینوں مسلح افواج کے اعلیٰ افسران ، ڈی جی سٹریٹیجک پلان ڈویژن ، چیئرمین پی اے ای سی سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔