Sunday, May 19, 2024

ماہرین کا ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانے کا مشورہ

ماہرین کا ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانے کا مشورہ
October 7, 2019
لاہور ( 92 نیوز) ڈینگی مچھر سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ، ماہرین  کے مطابق  چند ہدایات پر عمل ہمیں ڈینگی بخار سے دور رکھ سکتا ہے۔ ماہرین  کے مطابق ڈینگی سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے، صرف معمولی نوعیت کی احتیاطی تدابیر اپنا کر ڈینگی مچھروں سے بچا جا سکتا ہے،اکتوبر  کے مہینے میں ڈینگی مچھروں کے حملے عروج پر ہوتے ہیں،جس کے بعد نومبر میں کمی آنا شروع ہو جاتی ہے۔ ڈینگی بخار مادہ مچھر کے کاٹنے سے ہوتا ہے، جو صرف صاف پانی میں پیدا ہوتا ہے،جو طلوع آفتاب سے لے کر صبح8 بجے تک اور شام غروب آفتاب کے وقت انسانوں پر حملے کرتے ہیں۔ گھروں اور آس پاس میں صاف پانی کھڑا مت ہونے دیں،مکان کی چھتوں پر پڑی بے کار اشیا پودوں کے گملے، درخت ،فریج کی ٹرے، کھلی جگہوں پر پڑے پرانے ٹائر اور ایئر کولر ڈینگی مچھر کے پیدا ہونے کے لئے بہترین آماجگاہ ہے۔ صبح اور شام کے اوقات میں گھروں میں مچھرمار سپرے باقاعدگی سے کریں،پودوں کے گملوں کے قریب کوائل لگائیں،،گھروں سے نکلیں  تو مچھر بھگانے والا لوشن استعمال کریں،،لمبی آستین والے کپڑے پہنیں،شام اور صبح میں کمروں کے دروازے اور کھڑیاں بند رکھیں۔