Friday, April 19, 2024

ماہر ڈاکٹرز کی زیر نگرانی بچے کو مصنوعی بازو لگوائے جائیں، سیکریٹری صحت کو ہدایت

ماہر ڈاکٹرز کی زیر نگرانی بچے کو مصنوعی بازو لگوائے جائیں، سیکریٹری صحت کو ہدایت
September 3, 2018
کراچی (92 نیوز) سندھ کابینہ نے کے الیکڑک کی غفلت کی وجہ سے بچے کے معذور ہونے پر دکھ کا اظہار کیا اور سیکریٹری صحت کو ہدایت کی گئی کہ ماہر ڈاکٹرز کی زیرنگرانی بچے کو مصنوعی بازو لگوائے جائیں۔ سندھ کابینہ کا اجلاس مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیر اعلی ہاوس میں ہوا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے عمر کو مصنوعی بازو لگانے کیلئے سیکریٹری صحت کو احکامات صادر کئے اور کہا کہ مصنوعی بازو بنانے اور لگانے والے اداروں اور ماہر ڈاکٹروں سے رابطہ کیا جائے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ بچے کی معذوری سے بچانے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔ کابینہ نے سیکریٹری بلدیات کو ٹاسک دیا کہ تمام اوورہیڈ کیبلز ختم کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب نے گداگری کا مسئلہ کابینہ میں اٹھایا اور کہا کہ گداگر چھوٹے بچوں کو  اٹھا کر اہم شاہراہوں پر بھیک مانتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نےاسی لعنت سے نمٹنے کے لئے مرتضیٰ وہاب کے زیر تحت کمیٹی تشکیل دے دی۔ دوسری طرف سندھ کابینہ نے ڈیمز فنڈز کو جی ایس ٹی آن سروسز سے مستشنی قرار دیا ۔ سمندری پانی کو میٹھا بنانے کے لیے کابینہ کمیٹی نے تجاویز وسفارشات پیش کر دی ہیں۔ آئندہ کابینہ اجلاس میں ڈی سلینیشن پلانٹس منصوبے پر مزید غور ہو گا۔ مرتضی وہاب نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں شرجیل میمن  کا معاملہ زیرغورنہیں آیا۔ یہ بھی بتایا کہ کے فور منصوبہ دوہزار انیس میں مکمل ہو جائے گا۔