Tuesday, April 23, 2024

ماہ مقدس کا آغاز، ملک بھر میں پہلی نماز تراویح کی ادائیگی

ماہ مقدس کا آغاز، ملک بھر میں پہلی نماز تراویح کی ادائیگی
April 24, 2020
لاہور (92 نیوز) رحمتوں، برکتوں اور جہنم سے نجات کا مہینہ شروع ہوگیا، ملک بھر میں پہلی نماز تراویح کی ادائیگی، مساجد میں احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں، جراثیم کش اسپرے بھی کیا گیا۔ رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ شروع۔۔۔ روزے رکھے جائیں گے، پاکستان اور دیگر ملکوں میں ماہ صیام کی بابرکت گھڑیاں آ گئیں، کورونا سے بچاؤ کیلئے نماز تراویح حفاظتی انتظامات کے تحت ادا کی جائیں گی، حفاظتی تدابیر کےساتھ انتہائی محدود تعداد میں افراد مساجد میں نماز تراویح پڑھ سکیں گے، باقی فرزندانِ اسلام تراویح سمیت عبادات گھروں میں کریں گے۔ ملک بھر میں حکومتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مساجد میں خصوصی انتظامات کئے گئے، صفائی ستھرائی کا عمل پہلی نماز تراویح سے قبل ہی مکمل کرلیا گیا۔ علمائے کرام اور مقامی لوگوں نے حکومتی ہدایات کے مطابق مساجد میں اسپرے بھی کیا اورنمازیوں کی سہولت کیلئے سماجی فاصلے کو برقرار رکھتے ہوئے نشانات لگائے، جبکہ صفیں پہلے ہی مساجد سے نکالی جاچکی ہیں۔ ملک بھر کی مساجد میں داخل ہوتے وقت نمازیوں کیلئے سینیٹائزر کا اہتمام کیا گیا، علمائے کرام کا کہنا ہے کورونا سے نقصان کا اندیشہ ہو تو ایسے میں بے شک نماز گھر میں ادا کرلی جائے، بیمار افراد کو بھی مسجد میں نہیں آنا چاہئے۔ حکومت اور علمائے کرام کے درمیان 20 نکاتی ایجنڈے پر اتفاق رائے ہوا تھا جس میں نماز تراویح اور جمعہ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کی جانی تھیں، وزیراعظم نے کہا تھا احتیاط نہ کی گئی تو مساجد کو مکمل بند کردیا جائے گا۔ کورونا کے باعث حرمین شریفین میں بھی اجتماعی عبادات پر پابندی ہے، مسجد الحرام اورمسجد نبویؐ میں صرف منتظمین اور خادمین نے دس رکعات نماز تراویح ادا کی، مملکت میں سحر و افطار دسترخوان لگانے پر بھی پابندی ہے۔