Friday, May 3, 2024

ماہ صیام میں جائے نماز کی فروخت کا کاروبار خوب چمک اٹھا

ماہ صیام میں جائے نماز کی فروخت کا کاروبار خوب چمک اٹھا
May 22, 2018
فیصل آباد (92 نیوز) ماہ صیام میں جائے نماز کی فروخت کا کاروبار بھی خوب چمک اٹھا۔ فرزندان اسلام فریضہء نماز کی ادائیگی اور پیاروں کو تحفے میں دینے کے لئے جائےنماز کی خریداری میں مصروف ہیں۔ ماہ رمضان کے آغاز سے ہی اہل اسلام کی جانب سے عبادات کا خصوصی اہتمام بھی شروع ہو جاتا ہے۔ رحمتوں بھرے مہینے کی برکات سمیٹنے کے لئیے نہ صرف فرض نماز بلکہ نفلی عبادات بھی خوب کی جاتی ہیں۔ عبادات کی ادائیگی میں کلیدی حیثیت کے حامل جائے نماز بھی ماہ صیام میں خوب فروخت ہو رہے ہیں۔ مارکیٹ میں موجود ویلوٹ اور مخملی جائے نماز 170 سے 1200 روپے تک فروخت ہو رہا ہے ۔ دوکاندار کہتے ہیں کہ ماہ رمضان اور حج کے موقع پر انکا کاروبار اپنے جوبن پر ہوتا ہے۔ اہتمام کے ساتھ روزے کے فریضے کو پورا کرنے اور نماز کے ساتھ نفلی عبادات کے لئیے شہری انتہائی عقیدت کے ساتھ جائے نماز خریدنے میں مصروف ہیں۔ اہل اسلام ماہ صیام میں نمازوں کی خاص پابندی کرتے ہیں ، اسی لئیے تو جائے نماز کی خریداری میں بھی کئی گنا اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔