Tuesday, April 23, 2024

ماہ رمضان کے دوسرے عشرے میں بھی مہنگائی برقرار

ماہ رمضان کے دوسرے عشرے میں بھی مہنگائی برقرار
May 19, 2019
 کراچی (92 نیوز) ماہ رمضان کے دوسرے عشرے میں بھی مہنگائی برقرار ہے۔ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں استحکام نہ آسکا۔ رمضان المبارک میں شیاطین تو قید ہو گئے لیکن مہنگائی کے جن نے عوام کو نشانے پر رکھ لیا۔ پرائس کنٹرول کمیٹیاں بھی ناکام ہو گئیں۔ مہنگائی کے سونامی نے سب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ سستے بازار نام کے ہی سستے نکلے۔  پرائس کنٹرول کمیٹیاں بڑھتے نرخوں کو لگام نہ ڈال سکیں۔ کراچی میں عام آدمی کھجور کے ریٹ سن کر ہی کانوں کو ہاتھ لگانے لگا۔ صرف پاؤ کھجوریں خریدنے کیلئے ایک سو بیس روپے  خرچ کرنا پڑے۔ لیموں ٹرپل سنچری پر ہے تو ٹماٹر نے بھی سنچری مکمل کر لی ،پیاز بھی عوام کے آنسو نکال رہا ہے۔ مرغی کی قیمتیں بھی ساتویں آسمان پر ہیں۔ چکن تین سو چالیس روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے۔ شہر اقتدار میں بھی صورتحال مختلف نہیں۔ لیموں کی قیمت تین سو اسی روپے تک جا پہنچی ۔ لہسن 220 روپے فی کلو ، ادرک 212 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔ پھل بھی کہتے ہیں کہ ہمیں ہاتھ نہ لگائیں ۔ سیب 160 روپے  فی کلو ، کیلا فی درجن 140 روپے  ، اسٹرابری 180 روپے فی کلو ، لوکاٹ 110 روپے  اور آڑو 200 روپے کلو میں  بیچا جارہا ہے۔ لاہور کے رمضان بازاروں میں بھی شہریوں  کو ریلیف نہ ملا۔ اکثر اسٹالز پر ریٹ لسٹ ہی آوایزاں نہیں تھی۔ شہر شہر مہنگائی کی دہائی ہے۔ پھل ،سبزیاں ،دالیں گوشت سب  مہنگا ہے۔ حکومتی اقدامات  کا کوئی نتیجہ نہیں نکل رہا۔ شہری سراپا احتجاج ہیں کہ وہ جائیں تو جائیں کہاں۔