Friday, April 26, 2024

ماہ رمضان کی آمد، پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ

ماہ رمضان کی آمد، پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ
May 30, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) ماہ رمضان کی آمد سے قبل پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں روزانہ اضافہ ہونے لگا ہے۔ دھنیا سو روپے فی کلوگرام فروخت ہونے  لگا۔ ریٹ لسٹ جاری کرنے والی انتظامیہ نرخ ناموں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام ہو گئی۔ جوں جوں ماہ صیام قریب آ رہا ہے بازاروں میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز چالیس روپے فی کلوگرام فروخت ہونے والا کریلا آج پچاس روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ ریٹ لسٹ پر اس کی قیمت  تینتیس روپے مقرر ہے۔ اسی طرح اروی دس جبکہ پچاس روپے میں ملنے والا دھنیا اب سو روپے میں مل رہا ہے۔ کھیرے اور گاجر کی قیمت میں بھی دس روپے فی کلوگرام اضافہ ہو گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان سے پہلے ہی پھلوں، سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ان کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔ حکومت نے اگر قیمتیں کنٹرول نہ کیں تو ماہ مقدس میں اشیائے خورونوش  ان کی پہنچ سے باہر ہو جائینگی۔