Friday, May 3, 2024

ماہ رمضان میں اہلیان اسلام لباس کو مہکانے کے لیے عطریات کا اہتمام کرنے لگے

ماہ رمضان میں اہلیان اسلام لباس کو مہکانے کے لیے عطریات کا اہتمام کرنے لگے
May 22, 2018
فیصل آباد (92 نیوز) رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی جہاں دیگر اشیاء کی خریدوفروخت میں اضافہ ہو جاتا ہے وہیں خوشبو لگانے کی سنت کو پورا کرنے کے لیے اہلیان اسلام عطر خرید کر عبادت کے اوقات لباس کو مہکانے کا خصوصی اہتمام کر رہے ہیں۔ ماہ صیام کے بابرکت مہینہ میں ایک نیکی کا ثواب ستر گنا بڑھا دیا جاتا ہے جبھی تو فرزندان اسلام زیادہ سے فرائض اور سنتوں کی ادائیگی کر کے قرب خداوندی حاصل کرتے ہیں۔ ان سنتوں میں پیارے نبی کی ایک سنت خوشبو لگانا بھی ہے۔ ماہ رمضان میں مسلمان صاف ستھرا لباس پہن کر اور خوشبو لگا کر بارگاہ رب تعالی میں جاتے ہیں تاکہ عبادت میں زیادہ خشوع و خضوع پیدا ہو سکے۔ عطریات میں غلاف کعبہ، عود، خس اور انٹرنٹی کی مانگ سب سے زیادہ ہے جو مارکیٹ میں 200 سے لیکر 2000 تک فی تولہ میں دستیاب ہیں۔ دوکانداروں نے کہا کہ وہ ان عطریات کو فرانس، سعودی عرب اور جرمنی سے منگواتے ہیں۔ رمضان المبارک میں شہریوں کی جانب سے عطر کی خریداری کا رجحان بڑھ جاتا ہے۔ رحمتوں بھرے ماہ مبارک میں عطر لگا کر جہاں مسلمان ڈھیروں نیکیاں کماتے ہیں وہیں اس کام سے وابستہ افراد کا کاروبار بھی چمک اٹھتا ہے۔ عبادت میں خشوع خضوع کی خاطر اہلیان اسلام لباس کو مہکانے کے لیے ماہ رمضان میں عطریات کا خصوصی اہتمام کر رہے ہیں۔