Thursday, May 2, 2024

ماہ رمضان سے قبل مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا

ماہ رمضان سے قبل مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا
May 5, 2019
 فیصل آباد (92 نیوز) ماہ رمضان سے قبل مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا۔ پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں پچیس سے تیس روپے کلو ناجائز منافع خوری کی جا رہی ہے۔ ماہ صیام کی آمد سے قبل ہی فیصل آباد میں ناجائز منافع خور حرکت میں آ گئے اور ماہ رمضان کو ہی سیزن سمجھ کر کمائی شروع کر دی۔ قیمتیں اس قدر کہ پھلوں اور سبزیوں کو ہاتھ نہیں لگ رہے۔ پچاس، ساٹھ اور ستر والا مال سنچری کی حد بھی پار کر گیا۔ صارفین واویلا کر رہے ہیں کہ ماہ رمضان تو ابھی نہیں آیا البتہ مہنگائی ضرور آگئی ہے۔ سرکاری نرخ نامے پر کریلا 50، بھنڈی توری 100، کھجور 125، کیلا 100 سے 110 اور لوکاٹ 80 روپے کلو درج ہے لیکن مہنگائی کی چھریاں تیز رکھنے والوں نے ریٹ لسٹیں آویزاں کہیں نہ ہی اسے تسلیم کرتے ہیں۔ مرضی کے دام پر فروخت جاری ہے۔ ضلع میں باون پرائس کنٹرول مجسٹریٹ پھر بھی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں شتر بے مہار کی طرح بڑھتی جا رہی ہیں جس سے شہریوں کیلئے کچن چلانا محال ہو گیا ہے۔ دوسری طرف مہنگائی میں اضافے کی سالانہ شرح اپریل میں 8.8 فیصد ہو گئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق مارچ کی نسبت مہنگائی میں 1.4 فیصد اضافہ ہوا۔ ایک ماہ میں سبزیوں کی قیمتیں 10.9 فیصد، مرغی کے گوشت کی قیمت 10 فیصد بڑھ گئی۔ ایک سال کے دوران ٹماٹر 124 فیصد ،گیس 85 فیصد مہنگی ہوئی۔