Sunday, September 8, 2024

ماں کا دودھ شیرخوار بچے کیلئے مفید ہے !!! پاکستان سمیت دنیابھر میں ورلڈ بریسٹ فیڈنگ ویک منایا جا رہا ہے

ماں کا دودھ شیرخوار بچے کیلئے مفید ہے !!! پاکستان سمیت دنیابھر میں ورلڈ بریسٹ فیڈنگ ویک منایا جا رہا ہے
August 6, 2015
لاہور (92نیوز) پاکستان سمیت دنیابھر میں ورلڈ بریسٹ فیڈنگ ویک منایا جا رہا ہے۔ اس ہفتے کو منانے کا مقصد لوگوں میں اس بات کی اہمیت اجاگر کرنا ہے کہ ماں کا دودھ بچے کی صحت کیلئے بہت مفید ہے۔ صحت کے ماہرین ہر نومولود بچے کےلئے دو سال تک ماں کے دودھ کی فراہمی کو لازمی قرار دیتے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ ماں کا دودھ بچوں کی بہتر نشوونما اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ماو¿ں کو صحت مند رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے زیراہتمام ہر سال یکم سے 7 اگست تک ”ورلڈ بریسٹ فیڈنگ ویک“ منایا جاتا ہے۔ اس ہفتے کو منانے کا مقصد عالمی سطح پر بچوں اور ماو¿ں کی صحت کےلئے ماں کے دودھ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے تاکہ دنیا بھر میں بچوں کی بڑھتی ہوئی شرح اموات میں کمی لائی جا سکے۔ یونیسیف کے زیراہتمام یہ ہفتہ پہلی بار 1992ءمیں منایا گیا تھا اور اب یہ دنیا کے 120 سے زائد ممالک میں باقاعدگی سے منایا جاتا ہے۔ پاکستان میں بچوں کو ماں کی بجائے ڈبے کا مصنوعی دودھ پلانے کا رواج تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے۔ 2006ءمیں ہونے والے نیشنل ڈیمو گرافک ہیلتھ سروے آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں صرف 37 فیصد بچے ہی ماں کا دودھ پیتے تھے تاہم محکمہ صحت اور غیر سرکاری تنظیموں کی تمام تر کاوشوں کے باوجود 7 سال بعد یعنی 2013ءمیں کیے گئے سروے کے مطابق ان کی تعداد میں ایک فیصد ہی اضافہ ہو سکا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق انہی سات سالوں میں ڈبے کے دودھ کا استعمال 32 فیصد سے بڑھ کر 41 فیصد تک جا پہنچا ہے۔ جدید سائنس نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ماں کا دودھ بچے کی نفسیاتی نشوونما میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے اور دو سال یا اس سے زیادہ دیر تک ماں کا دودھ پینے والے بچے ذہانت میں دوسرے بچوں کی نسبت آگے ہوتے ہیں۔